ہند۔برطانیہ ایف ٹی اے پر پیشرفت ہوگی:سونک

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج دوپہر نو منتخب برطانوی وزیر اعظم رشی سونک سے ٹیلی فون پر بات کی اور انہیں اپنے ملک کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہاں برطانوی ہائی کمیشن نے اطلاع دی کہ سونک نے آج دوپہر ٹیلی فون پر مودی سے بات کی۔ مودی نے ہندوستان کے 1.3 بلین ہندوستانیوں کی طرف سے انہیں وزیر اعظم بننے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سونک نے کہا کہ وہ برطانیہ اور ہندوستان کے درمیان تاریخی روابط کے عینی شاہد ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان ہمارے تعلقات کو انتہائی قریبی تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی چیلنجوں پر بات چیت کے دوران سونک نے موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے میں وزیر اعظم مودی کی قیادت کی ستائش کی۔ دونوں قائدین نے سلامتی، دفاعی اور اقتصادی شراکت داری کے مواقع کا بھی خیر مقدم کیا۔ سونک نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان ایک جامع آزاد تجارتی معاہدے کے لیے ہونے والی بات چیت میں اہم پیشرفت ہوگی۔ دونوں قائدین نے انڈونیشیا میں جی 20 سربراہی اجلاس میں ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔