ہند۔پاک مقابلے کے لئے سخت ترین سکیورٹی انتظامات

   

ساؤتھمپسٹن۔15 جون (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور پاکستان کے ورلڈکپ میچ کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کر لیے گئے جب کہ مسلح پولیس عہدیداروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔ روایتی حریف ٹیموں کا مقابلہ کل اولڈ ٹریفورڈ میں ہونا ہے، دونوں ممالک میں سیاسی کشیدگی کے سبب منتظمین غیرمعمولی حفاظتی انتظامات کر رہے ہیں، پاکستان اور ہندوستان کا انگلینڈ میں آخری مقابلہ 2 سال قبل ہوا تھا جب اوول لندن میں چمپئنز ٹرافی فائنل میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق میچ میں کسی ناگہانی واقعہ کی کوئی انٹیلی جنس رپورٹ تو موجود نہیں لیکن پھر بھی حکام سیکیورٹی میںکوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتے۔ انگلینڈ میں عموماً ایسا ہوتا تو نہیں لیکن ہند۔پاک مقابلے کے دوران مسلح پولیس عہدیدار اسٹیڈیم کے اطراف اور سٹی سینٹر میں گشت کریں گے۔ ٹکٹس سے محروم رہ جانے والے شائقین کومیدان نہ آنے کی ہدایت دی گئی ہے، جو خوش نصیب ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ان سے بھی کہا گیا ہے کہ تلاشی وغیرہ میں وقت لگے گا لہذا پہلے ہی اسٹیڈیم پہنچ جائیں۔ ٹیم ہوٹل میں بھی سخت سیکیورٹی ہے اورسادہ لباس عہدیدار آنے جانے والوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ میچ ٹکٹس کیلئے آئی سی سی کو 5 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیںجبکہ میدان میں محض 25 ہزار شائقین کی گنجائش ہے۔ مقامی ویب سائٹس پر ڈھائی ہزار پاونڈ (تقریباً5 لاکھ روپے) تک میں بھی ٹکٹیں فروخت ہو رہی ہے۔ ورلڈکپ کیلیے مانچسٹر میں ’’فین ولیج‘‘ بھی بنایا گیا جس میں ساڑھے تین ہزار افراد کی گنجائش ہے، وہاں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بھی بڑی اسکرین پر دکھایا گیا۔