ہند و پاک کے درمیان کشیدگی میں کمی :قریشی

   

اسلام آباد۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلہ پر خود کش حملہ کے بعد ہندوستان کے جارحانہ رویہ اور بین الاقوامی سطح پر دباو کے درمیان پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم ہورہی ہے ۔مسٹر قریشی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا‘‘ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں کمی آرہی ہے اور یہ مثبت اشار ہ ہے ۔دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر قریشی نے کہا ‘‘ پاکستان نے سفارتی کوششوں کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کو نئی دہلی واپس بھیجا ہے ۔’’ انہوں نے کہا کہ کرتار پور کوریڈور پر بات چیت کے لئے پاکستان کا ایک وفد نئی دہلی جائے گا۔امریکہ کے وزیر خارجہ مائک پومپیو کے ہندوستان کے ساتھ موجودہ حالت میں ان کے رول کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ذریعہ نجی ڈپلومیسی نے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کا کام کیا ہے ۔مسٹر قریشی نے کہا کہ چین’ روس’ ترکی ’ متحدہ عرب امارات اور اردن کے وزرائے خارجہ نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔