ہند ۔ ویسٹ انڈیز آج ٹوئنٹی 20 سیریز کا امریکہ میں آغاز

   

لوڈر ہل(امریکہ) ۔2 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) خواب کو چکنا چور کرنے والی ورلڈ کپ مہم کے بعد ہندوستانی ٹیم کل یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز کے دو مقابلوں کا پہلا میچ کھیلے گی جو کہ آئندہ برس آسٹریلیا میں منعقدشدنی ٹوئنٹی 20ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک حصہ ہے ۔ دورہ ویسٹ انڈیز پر روانہ ہونے سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے جیسا کہ اشارہ دیا ہے کہ میزبان ٹیم کے خلاف ہونے والی محدود اوورس کی یہ سیریز آئندہ برس منعقد شدنی ورلڈ کپ کے لئے کھلاڑیوں کے انتخاب کو ذہن میں رکھی جائے گی ۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف کل شروع ہونے والی سیریز کے محدود اوورس کے مقابلوں میں پہلے ایسا گمان کیا جارہا تھا کہ ویراٹ کوہلی کو آرام دیا جائے گا اور اُن کے مقام پر ٹیم کی قیادت روہت شرما کے سپرد کی جائے گی لیکن اس کے برعکس کوہلی کو تینوں طرز کی سیریز میں قیادت دینے کے علاوہ محدود اوورس کے نمبر ایک بولر جسپریت بمرہ کو آرام دیا گیا ہے حالانکہ وہ بھی 22 اگسٹ کو شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز میں ہندوستانی ٹیم میں شامل ہوجائیں گے ۔ دوسری جانب آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا کو مکمل طورپر دورۂ ویسٹ انڈیز کیلئے آرام دیا گیا ہے ۔ موجودہ ٹیم میں آئندہ دو ہفتے شیریاس ایئر اور منیش پانڈے کیلئے اہمیت کے حامل ہوں گے جنھیں ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا ۔ پانڈے نے آخری مرتبہ نومبر 2018 اور ایئر نے آخری مرتبہ فبروری 2019 ء میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کی تھی ۔ ایک جانب جہاں ہندوستانی ٹیم اپنے مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے کی خواہاں ہے وہیں ان دو کھلاڑیوں کو ٹیم میں اپنے مقام کو مضبوط کرنے کا سنہری موقع دستیاب ہے۔ سیریز کے دوران انھیں چھ مقابلے دستیاب ہوں گے جن میں اپنی اہمیت کو ثابت کرسکتے ہیں ۔ دورۂ ویسٹ انڈیز پر اے ٹیم کی کامیاب نمائندگی کرنے کے بعد دونوں کھلاڑی پانڈے اور ایئر سینئر ٹیم میں آئے ہیں ، تاہم اے ٹیم کے ساتھ ان کے مظاہرے بہترین رہے جس سے ان کے حوصلے بلند ہیں ۔ اسپین آل راؤنڈر واشنگٹن سندر اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر خلیل احمد کے ہمراہ دیپک چہل بھی ٹوئنٹی 20 ٹیم کا حصہ ہے اور نودیپ سینی بھی پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کریں گے ۔ روہت شرما اور صحتمند ہوچکے بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون ٹیم کیلئے اننگز کا آغاز کریں گے اور امکان ہے کہ نمبر 4 پر کے ایل راہول بیٹنگ کریں گے ۔ کے ایل راہول کی سنٹرل برواڈ ریجنل پارک اسٹیڈیم سے شاندار یادیں وابستہ ہیں جہاں انھوں نے تین سال قبل اپنی آخری اننگز میں 110 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی ۔ روہت شرما جوکہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین رہے جبکہ ویراٹ کوہلی جو ورلڈ کپ میں سنچری بنانے سے محروم رہے اس سیریز میں اپنے میعار کے مطابق مظاہرہ کرنے کیلئے کوشاں ہوں گے ۔ رشبھ پنت پر اہم ذمہ داری عائد ہوگی کیونکہ اب وہ دھونی کی جگہ ٹیم کے وکٹ کیپر ہیں۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز میں کرن پولارڈ اور اسپنر سنیل نارائن کے ہمراہ صحتیاب ہوچکے خطرناک آل راؤنڈر آنڈرے رسل کی بھی واپسی ہوئی ہے تاہم کرس گیل کے چاہنے والے اپنے پسندیدہ بیٹسمین کی کمی محسوس کریں گے جوکہ صرف ٹوئنٹی 20 سیریز سے باہر ہیں۔ مقابلے کا آغاز ہندوستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے ہوگا ۔