ہند ۔ پاک میچ : روہت شرما کی سنچری کی بدولت پاکستان کو 337 رنز کا نشانہ

   

مانچسٹر۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈکپ کے اہم ترین میچ میں ہندوستان نے روہت شرما کی 140رنز کی اننگز کی بدولت پاکستان کو کامیابی کیلئے 337رنز کا نشانہ دیا ہے ۔مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ہندوستانی بلے باز روہت شرما اور لوکیش راہول نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور ٹیم کیلئے سنچری پارٹنر شپ فراہم کی۔دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، تاہم وہاب ریاض نے اپنے دوسرے اسپیل میں 57 رنز بنانے والے لوکیش راہل کو 136 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کردیا۔تاہم وکٹ کی دوسری جانب روہت شرما نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی۔پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نے 140 رنز بنانے والے روہت شرما کی اننگز کا 234 پر خاتمہ کیا، تاہم دوسرے اینڈ سے ویراٹ کوہلی نے تیزی سے رنز بنانے کی ذمے داری سنبھال لی۔ہندوستان نے تیزی سے رنز بنانے کیلئے ہاردک پانڈیا کو وکٹ پر بھیجا جنہوں نے 19گیندوں پر 26رنز بنائے لیکن پھر محمد عامر کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔مہندرا سنگھ دھونی کا قیام پر قیام انتہائی مختصر رہا اور وہ بھی عامر کو وکٹ دے بیٹھے۔اس کے بعد وجے شنکر وکٹ پر آئے لیکن میچ میں بارش نے مداخلت کردی اور تقریباً آدھے گھنٹے کی تاخیر کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا۔میچ شروع ہوا تو محمد عامر نے ایک اور وکٹ لیتے ہوئے ویراٹ کوہلی کی 77رنز کی شاندار اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔ہندوستانی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 336رنز بنائے اور پاکستان کو میچ میں کامیابی کیلئے 337رنز درکار ہیں۔پاکستان کی ٹیم شاداب خان اور عماد وسیم کی واپسی ہوئی ہے، ہندوستانی ٹیم میں وجے شنکر کو شامل کیا گیا ہے۔ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وہ پہلے بولنگ کرکے حریف ٹیم کو چھوٹے اسکور پر آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔ہندوستانی ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے باؤلنگ ہی کرتے کیونکہ یہ وکٹ بولنگ سازگار دکھائی دے رہی ہے۔پاکستانی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی شامل میں۔ہندوستانی ٹیم کپتان ویراٹ کوہلی، کے ایل راہل، روہت شرما، مہیندرسنگھ دھونی، ہاردک پانڈیا، وجے شنکر، کیدار جادھو، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ ، بھونیشور کمار اور یوزویندر چہل پر مشتمل ہے۔میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے شائقین بھی پرجوش دکھائی دیے۔ باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم چمپینس ٹرافی 2017 کے فائنل والی پرفارمنس دہرانے کیلئے پْر عزم ہے جہاں اس نے ہندوستانی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹورنمنٹ اپنے نام کیا تھا۔میچ سے قبل ورلڈکپ 1992ء کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کپتان اور پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو ہندوستان کے خلاف میچ بغیر کسی دباؤ کے کھیلنے اور اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے کا مشورہ دے دیا۔