ہنمنت راؤ کے خلاف گاندھی بھون میں کارکنوں کا دھرنا

   

دلتوں کی توہین کا الزام، عنبرپیٹ کے قائدین میں اختلافات منظر عام پر
حیدرآباد ۔ 5۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی میں وی ہنمنت راؤ کے مخالفین نے آج گاندھی بھون میں دھرنا منظم کیا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کی تہنیتی تقریب میں ہنمنت راؤ کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی ، جس کے بعد او بی سی ڈپارٹمنٹ حیدرآباد کے عہدہ سے پرتاپ کو برطرف کردیا گیا ۔ عنبرپیٹ اسمبلی حلقہ کے ٹکٹ کے مسئلہ پر اختلافات منظر عام پر آئے تھے جس کا اظہار بھٹی وکرامارکا کی تہنیتی تقریب میں ہوا۔ عنبر پیٹ سے تعلق رکھنے والے کانگریس کارکنوں اور دلت تنظیموں کے نمائندوں نے مجسمہ گاندھی کے پاس دھرنا منظم کرتے ہوئے ہنمنت راو کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ۔ کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ وی ہنمنت راو نے دلتوں کی توہین کی ہے۔ ہنمنت راؤ سے ان کی زندگی کو خطرہ ہے لہذا وہ کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ احتجاجیوں نے ہنمنت راؤ کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ مختلف دلت تنظیموں نے دھرنے میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اظہار یگانگت کیا ۔ این یو آئی کے سابق قومی سکریٹری موہن اور یوتھ کانگریس کے سابق جنرل سکریٹری راجیش نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں ہنمنت راؤ نے ان کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ۔ ہنمنت راؤ نے اپنے حامیوں کے ذریعہ دلت کارکنوں پر حملہ کرایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ این ایس یو آئی میں سرگرم رہ چکے ہیں اور پارٹی کے استحکام کیلئے انہوں نے کام کیا ہے ۔ ان قائدین نے ہنمنت راؤ کو پارٹی سے معطل کرنے کی مانگ کی۔