ہنومان جینتی جلوس ، پولیس کا سخت ترین انتظام

   

دس ہزار پولیس جوان متعین ، 450 سی سی کیمروں سے نظر ، کمشنر پولیس و بلدیہ کمشنر کا جائزہ
حیدرآباد ۔ /17 اپریل (سیاست نیوز) ہنومان جینتی کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کے پیش نظر پولیس نے دونوں شہروں میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار اور کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور نے 12.5 کیلو میٹر طویل جلوس کے راستے کا معائنہ کیا ۔ /19 اپریل صبح 8.30 بجے گولی گوڑہ علاقہ سے ہنومان جینتی جلوس کا آغاز ہوگا اور اس کا اختتام سکندرآباد تاڑبن کے ہنومان مندر میں اختتام کو پہونچے گا ۔ قابل غور بات یہ ہے کہ ہنومان جینتی کا انعقاد جمعہ کے دن کیا جارہا ہے جس کے پیش نظر حیدرآباد پولیس کڑی چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ اس موقع پر پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے کہا کہ ہنومان جینتی شوبھا یاترا کے موقع پر گولی گوڑہ سے مرکزی جلوس نکالا جائے گا ۔ جس میں رچہ کونڈہ اور سائبرآباد سے آنے والے تقریباً 50 چھوٹے جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنومان جینتی جلوس کیلئے 10 ہزار پولیس فورس کو متعین کیا جارہا ہے اور 20 تلنگانہ اسپیشل پولیس کی کمپنیوں کو بھی تعینات کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستے میں 450 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں اور کمانڈ کنٹرول سنٹر کے ذریعہ جلوس پر نظر رکھی جائے گی ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور نے بھی کہا کہ واٹر ورکس روڈس اینڈ بلڈنگس اور دیگر محکمہ جات سے بھی رابطہ قائم کیا گیا ہے جس میں سڑک کی مرمت ، لائیٹس وغیرہ کو بہتر بنانے پر توجہ دی جارہی ہے ۔