ہوا میں فائرنگ معاملہ ، سابق ایم ایل سی کو 3 سال کی سزا

   

حیدرآباد ۔ /19 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹروپولیٹین کورٹس کے 17 ویں ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹین مجسٹریٹ مسٹر بی سرینواس راؤ نے ٹی آر ایس کے سابق رکن قانون ساز کونسل و وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے لیڈر کنگ کوٹھی کے ساکن حبیب عبدالرحمن کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی دفتر میں ہوا میں فائرنگ کرنے کے مقدمہ میں 3 سال کی سزاء سنائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ /15 جون 2012 ء کو حبیب عبدالرحمن نے روڈ نمبر 45 جوبلی ہلز میں واقع وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے دفتر میں ضمنی انتخابات کے دوران حبیب عبدالرحمن نے اپنی لائیسنس یافتہ ریوالور سے ہوا میں فائرنگ کردی ۔ اس واقعہ کے خلاف پولیس جوبلی ہلز نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی تھی اور نامپلی کریمنل کورٹ میں ان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا ۔ 17 ویں ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹین مجسٹریٹ بی سرینواس راؤ نے انہیں اس کیس میں قصور وار پایا اور تین سال کی سزاء اور 5 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ۔