ماسکو : براہِ راست نشریات کے دوران روس کی یوکرین میں جنگ پر احتجاج کرنے والی روسی خاتون اینکر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔خاتون صحافی مارینا اوسینیکووا کے وکیل نے اپنی موکلہ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رواں برس مارچ میں خاتون اینکر نے براہِ راست نشریات کے دوران روس کی یوکرین میں جارحیت پر تنقید کی تھی۔مارینا اوسینیکووا کی گرفتاری کے بارے میں ابھی تک سرکاری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے لیکن ان کی گرفتاری ایسے موقع پر سامنے آرئی ہے جب چند دن پہلے ہی 44 سالہ صحافی نے کریملن کے نزدیک یوکرین جنگ کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔ اس مظاہرے میں انہوں نے ایک پلے کارڈ بھی اٹھا رکھا تھا جس پر روس کی جانب سے یوکرین میں جاری جارحیت اور صدر ولادیمیر پوٹن پر تنقید کی گئی تھی۔مارینا کے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر ان کے ساتھیوں نے لکھا ہے کہ مارینا زیر حراست ہیں اور ان کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔