یوکرین سے 50 ہزار افراد کا ہمسائیہ ممالک کو کوچ‘ ایک لاکھ سے زیادہ بے گھر

   

کیف:اقوام متحدہ کا ادارہ برائے مہاجرین یو این سی ایچ آرکے سربراہ فلیپو گرانڈی نے کہا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران یوکرین سے 50 ہزار سے زائد افراد ہمسائیہ ممالک کی طرف کوچ کر چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ شہری بے گھر ہوگئے ہیں۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد دو دن سے بھی کم وقت میں ہزاروں افراد یوکرین سے نکل چکے ہیں۔انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو ہی ایک لاکھ افراد ملک کے اندر بے گھر ہوگئے تھے اور جمعہ کو لوگوں کی ایک بڑی تعداد ہمسایہ ممالک کا رخ کر رہی تھی۔