یوکرین کیلئے 40کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

   

سعودی وزیر خارجہ کی کیف آمد، صدر یوکرین سے ملاقات

کیف :سعودی عرب کی جانب سے یوکرین کو انسانی بنیادوں پر 40کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی۔ عرب میڈیاکے مطابق سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یوکرین کے شہر کیف کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا ، شہزادہ فیصل بن فرحان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے۔ وزیرخارجہ نے یوکرین کے صدر ولادی میر زلینسکی سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی ، ملاقات میں شہزادہ فیصل بن فرحان نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امورکے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب کی جانب سے ان سفارتی کوششوں کا مقصد یوکرین کے بحران کوپرامن طریقے سے حل کرنے کے ساتھ ساتھ یوکرین اور اس کے عوام کوجنگ کے سماجی اور معاشی منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے مدد فراہم کرنا ہے۔