یو اے ای میں 10 سال کیلئے ’گولڈن ویزا‘ کو منظوری

,

   

میڈیکل ڈاکٹرس ،الیکٹرونکس، پروگرامنگ، الیکٹریکل ،بائیوٹیکنالوجی انجینئرس و دیگر اہل

دبئی : متحدہ عرب امارات نے 10 شعبوں کیلئے ’گولڈن ویزے‘ کو منظوری دے دی ہے۔دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اتوار کو ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ مطلوبہ قواعد و ضوابط پورا کرنے والے افراد کو گولڈن ویزا جاری کیا جائے گا۔ڈاکٹریٹ کی سند رکھنے والے اور میڈیکل ڈاکٹرس گولڈن ویزے کیلئے اہل ہوں گے۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر، الیکٹرانکس، پروگرامنگ، الیکٹریکل اور بائیوٹیکنالوجی انجینئرس بھی گولڈن ویزا حاصل کرسکیں گے۔ان شعبوں کے علاوہ مصنوعی ذہانت میں خصوصی اسناد رکھنے والے، بڑے اعداد و شمار اور وبائیات کی ڈگریوں کے حامل افراد بھی گولڈن ویزے کیلئے درخواست دے سکیں گے۔متحدہ عرب امارات میں رہنے والے ہائی سکول کے ایسے طلباء و طالبات جنہوں نے ملک میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہو اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات جو 3.8 یا اس سے زیادہ کا جی پی اے رکھتے ہوں، وہ بھی گولڈن ویزا حاصل کرنے کے اہل ہیں۔ان طلباء و طالبات کی افراد خاندان بھی گولڈن ویزاحاصل کر سکتی ہیں۔دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ اس پروگرام کو اس لیے شروع کیا گیا کہ یو اے ای کی ترقی اور کامیابیوں کے عمل میں میں ٹیلنٹ ہمارے ساتھ موجود رہے۔گولڈن ویزا دس سال کا رہائشی ویزا ہوگا۔