یو ٹیوب کے ذریعہ رہزنی ، شاطر رہزن گرفتار

   

شمس آباد /21 ستمبر ( سیاست نیوز ) یو ٹیوب کے ذریعہ رہزنی کی وارداتوں کو انجام دینے والے ایک شاطر رہزن کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد زون مسٹر نارائن ریڈی نے بتایا کہ رہزنی کی 5 وارداتوں کو انجام دینے والے عطاپور علاقہ کے ساکن وینکٹ رامنا یادو کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جو یو ٹیوب کے ذریعہ رہزنی کی وارداتوں کو انجام دینے کا ہنر حاصل کر رہا تھا ۔ یو ٹیوب پر موجود وارداتوں کی تفصیلات کے ذریعہ واردات کو انجام دینے کا طریقہ حاصل کرلیا کرتا تھا اور پھر رہزنی کی وارداتیں انجام دیا کرتا تھا ۔ ڈی سی پی نے بتایاکہ یادو نے موکلا کستوا نندی گاما اور نارسنگی حدود میں وارداتیں انجام دی تھیں ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 12 تولہ طلائی زیورات ایک موٹر سائیکل اور دو سیل فون ضبط کرلئے ۔ جس کی مالیت 7 لاکھ 20 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے وینکٹ رمنا یادو کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ع
عمارت کی بلندی سے گرنے سے کم عمر لڑکا فوت
حیدرآباد /21 ستمبر ( سیاست نیوز ) گچی باؤلی علاقہ میں پیش آئے دلسوز واقعہ میں ایک کم عمر لڑکا عمارت کی بلندی سے گرکر فوت ہوگیا ۔ گچی باؤلی پولیس کے مطابق 16 سالہ صوضیان جو بارکس علاقہ کے ساکن شیخ محمد اقبال کا بیٹا تھا ۔ اقبال اکثر اپنے ساتھی سے ملاقات کیلئے مجید بنڈہ علاقہ آیا کرتے تھے ۔ اور فرزند کو بھی اپنے ساتھ لایا کرتے تھے ۔ کل ایک اپارٹمنٹ میں اقبال اے سی فٹ کرنے کیلئے گئے اور ان کے ہمراہ ان کا بیٹا صوفیان بھی موجود تھا ۔ اے سی اپارٹمنٹ کی 18 ویں منزل پر فٹ کی جارہی تھی اس دوران صوفیان حادثاتی طور پر گرکر فوت ہوگیا ۔ گچی باؤلی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع