یکم محرم کو غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی تیاریوں کا آغاز

,

   

ریاض :غلاف کعبہ کی تبدیلی کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔ کسوہ کعبہ کی تبدیلی کے لیے مقررہ ادارے کے سربراہ نے مختلف امور کا جائزہ لیا ہے۔میڈیا کے مطابق شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں شعبہ فنی امورکے نگران انجینئرسلطان القرشی نے غلاف کعبہ کی منتقلی کیلئے استعمال ہونے والی بجلی کی گاڑیوں اوردیگر مشنری جن میں لفٹرز وغیرہ شامل ہیں کا جائزہ لیا۔ غلاف کعبہ کومسجد الحرام کے بیرونی دروازے سے مطاف تک پہنچانے کے لیے مخصوص راستے کا بھی تعین کیا گیا۔اس مخصوص راستے سے گزرکرغلاف کعبہ کووہاں تک لانا اوراس کے بعد کعبہ کی چاروں سمتوں میں غلاف کو لفٹر کے ذریعے بلند کرکے اسے کعبہ کی چھت تک لے جانے کے مراحل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ دریں اثنا ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے غلاف کعبہ کی تبدیلی کے لیے 15 افراد کو فنی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے جن میں غلاف تیار کرنے والی فیکٹری کے انجینئرز اور فنی شعبے کے ماہرین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ غلاف کعبہ تبدیلی کے تمام عمل کے دوران ہر ایک حصے کو علیحدہ علیحدہ کعبہ کے بالائی حصے پر لایا جاتا ہے جہاں سے پھر انہیں اتارا جاتا ہے اور پچھلا غلاف اتار لیا جاتا ہے۔ یہ عمل چار مرتبہ باری باری دہرایا جاتا ہے جب تک کہ نیا غلاف چڑھا نہ دیا جائے اور پرانا اتر نہ جائے۔ غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے لگ بھگ 670 کلوگرام ریشم کو سیاہ رنگ میں رنگا جاتا ہے۔