ایمرجنسی خدمات کیلئے 430 حاملہ خواتین کیلئے 300 ایمبولنس ، ہریش راؤ کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کے عوام کو تمام اقسام کی طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد محکمہ صحت پر اولین ترجیح دی گئی ۔ ایمرجنسی کے وقت فوری ہاسپٹلس کو منتقل کرنے کے لیے 108 ایمبولنس کی خدمات کو توسیع کی گئی ہے ۔ 108 ایمبولنس کی تعداد کو بڑھاکر 430 کیا گیا ہے ۔ وینگل راو نگر میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف فیملی ویلفیر میں وزیر ٹی سرینواس یادو کے ساتھ ایمبولنس کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ روزانہ 2 ایمبولنس کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ اس کے لیے تعاون کرنے والے انڈس اِینڈ بینک سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے مزید 8 ایمبولنس دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہر اور دیہی علاقوں میں اوسطاً 15 تا 20 منٹ میں ایمبولنس کی خدمات دستیاب ہورہی ہے ۔ اس وقت کو مزید گھٹانے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے 108 ایمبولنس میں بیسک لائف سپورٹ کا نظام تیار رکھا گیا ہے ۔ ایمرجنسی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہاسپٹل پہونچنے تک زندگی کو بچانے کے لیے ایمبولنس میں اڈوانسڈ لائف سپورٹ نظام موجود ہے ۔ اپریل 2021 سے جاریہ سال فروری تک 4.5 لاکھ افراد کو خدمات فراہم کی گئی ہے ۔ ایمرجنسی میڈیکل سرویس پر عوام کا اعتماد بڑھانے کے لیے ایمبولنس نہ جانے والے علاقوں کو پہونچکر طبی امداد فراہم کرنے کے لیے حکومت نے 50 بائیکس ایمبولنس کا بھی آغاز کیا ہے ۔ دیہی ۔ ریجنسی علاقوں کے علاوہ حیدرآباد ۔ میڑچل اور رنگاریڈی کے حدود میں بھی یہ خدمات دستیاب ہے ۔ 50 بائیکس ایمبولنس کے ذریعہ اپریل 2021 سے جاریہ سال فروری تک 19 ہزار افراد کو طبی خدمات فراہم کی گئی ہیں ۔ دیہی علاقوں میں حاملہ خواتین کو گھروں سے ہاسپٹل اور ہاسپٹل سے گھروں تک پہونچانے کے لیے 300 اماں وڈی گاڑیاں دستیاب رکھی گئی ہیں سال 2018 سے ابھی تک 38 لاکھ حاملہ خواتین کو ان گاڑیوں کے ذریعہ خدمات فراہم کی گئی ہے ۔ نعشوں کی منتقلی کے لیے 50 گاڑیوں کی خدمات دستیاب رکھی گئی ہے ۔۔ ن