2023 میں امریکی ویزا کی اجرائی میں سفارتخانہ اور کونسلیٹس کی ریکارڈ کامیابی

   

1.4 ملین ویزا درخواستوں کی یکسوئی، انتظار کی مہلت میں نمایاں کمی، ایک لاکھ 40 ہزار اسٹوڈنٹس ویزا
حیدرآباد ۔29 ۔ جنوری (سیاست نیوز) امریکی سفارتخانہ نئی دہلی اور مختلف شہروں میں واقع امریکی کونسلیٹ نے ویزا کی اجرائی کے عمل میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے اور 2023 میں سابقہ تمام ریکارڈ سے زیادہ ویزے جاری کرتے ہوئے ویزا اپائنٹمنٹ کے لئے انتظار میں 75 فیصد کی کمی کی گئی ۔ امریکی سفارتخانہ کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 ء میں امریکی سفارتخانہ اور مختلف کونسلیٹس نے 1.4 ملین ویزا امور کی تکمیل کی ہے۔ ویزا کی مختلف زمرہ جات میں کافی مانگ دیکھی گئی ہے اور 2022 کے مقابلہ 60 فیصد زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ یو ایس مشن کی تاریخ میں B1 اور B2 وزیٹرس ویزا کی درخواستیں 7 لاکھ سے زیادہ داخل کی گئیں جو تاریخ میں دوسری مرتبہ سب سے زیادہ ہیں۔ امریکی سفارتخانہ اور کونسلیٹس نے ہر سطح پر اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے درخواستوں کی یکسوئی کی ہے جس کے نتیجہ میں ویزا کے انتظار کے وقت میں ایک ہزار دن سے 250 دن کی کمی واقع ہوئی ہے۔ ملک بھر میں تمام زمرہ جات کے ویزا کے لئے ویٹنگ ٹائم میں کمی واقع ہوئی ہے۔ یو ایس کونسلر ٹیم نے 2023 میں 140000 اسٹوڈنٹس ویزا جاری کئے اور یہ دنیا کے کسی بھی ملک میں جاری کردہ اسٹوڈنٹ ویزا میں زیادہ ہیں۔ مسلسل تیسرے سال ہندوستان سے سب سے زیادہ اسٹوڈنٹ ویزے جاری کئے گئے ۔ ممبئی ، نئی دہلی ، حیدرآباد اور چینائی دنیا بھر میں اسٹوڈنٹ ویزا کی اجرائی میں ٹاپ 4 پوزیشن میں ہیں۔ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے والے ایک ملین بیرونی طلبہ میں ہندوستانی طلبہ ایک تہائی سے زیادہ ہیں۔ ایمپلائیمنٹ ویزا اہم ترجیح کے طور پر برقرار ہیں۔ چینائی اور حیدرآباد میں 380000 ایمپلائیمنٹ ویزا کی ہندوستانی شہریوں اور ان کے افراد خاندان کیلئے 2023 میں یکسوئی کرنے میں کامیاب رہے۔ 2024 میں H1B ویزا ہولڈرس کو امریکہ میں ویزا کی تجدید کے لئے پائلیٹ پروگرام متعارف کیا جائے گا۔ کونسلیٹ جنرل ممبئی نے کورونا وباء کے سبب تاخیر کے نتیجہ میں 31000 امیگرنٹ ویزا معاملات کی یکسوئی کی ہے۔ ایسے امیدوار جن کی امیگرینٹ ویزا کی درخواستیں زیر التواء ہے ، وہ اپائنٹمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ مارچ 2023 میں حیدرآباد میں 340 ملین ڈالر کی سہولتیں شروع کی گئیں۔ احمد آباد اور بنگلور میں نئے کونسلیٹس کا اعلان کیا گیا ہے ۔ 1