350 کروڑ کی فلم 50 کروڑ نہ کما سکی

   

ممبئی ۔ اکشے کمار اور ٹائیگر شراف کی فلم بڑے میاں چھوٹے میاں کی حالت پہلے ہفتہ میں ہی خراب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ فلم کو پہلے ہفتہ میں اچھا ردعمل نہیں ملا ہے۔ آج کل جہاں بڑے ستاروں کی فلمیں ایک دن میں 50 سے 100 کروڑ کماتی ہیں اورکئی دنوں تک اچھی کمائی کرتی رہتی ہیں، وہیں عید جیسے بڑے موقع پر بھی یہ فلم زیادہ کمائی نہیں کرسکی۔ فلم کے پہلے ہفتے کی کمائی کے اعدادوشمار آگئے ہیں۔ فلم کے باکس آفس کلیکشن کی بات کریں تو سکنلک کی رپورٹس کے مطابق فلم نے ریلیزکے پہلے دن ہی15 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔ فلم نے دوسرے دن 7.6 کروڑ روپے کمائے۔ تیسرے دن فلم نے 8.5 کروڑ روپے کمائے اور چوتھے دن فلم کی آمدنی 9.05 کروڑ روپے رہی۔ اگر اس نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو ابتدائی دن کے بعد فلم کی کلیکشن میں کمی آگئی ہے لیکن اس کے بعد سے اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے لیکن جس طرح دو چار قدم چلنے کو چلنا نہیں کہتے اسی طرح ڈیڑھ کروڑ بڑھنے کو ترقی نہیں کہتے۔ فلم نے4 دنوں میں مجموعی طور پر40.80 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ دنیا بھر میں آمدنی کی بات کریں تو فلم نے 4 دنوں میں 75کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔ بجٹ کے حساب سے آمدنی ایک حصہ بھی نہیں ہے۔ فلم کا بجٹ 350 کروڑ روپے بتایا جاتا ہے لیکن بجٹ کا ہندسہ ابھی بہت دور ہے۔ کوئی بھی فلم اپنے پہلے ہفتہ میں سب سے زیادہ کماتی ہے۔ ایسے میں یہ فلم اپنے پہلے ہفتہ میں 50 کروڑ روپے بھی نہیں کما سکی جبکہ فلم کو عید کے ایام بھی ملے ۔ اس کے بعد بھی فلم کی حالت بتاتی ہے کہ فلم کی کشتی اب اوپر والے پر ہے۔ سیدھے الفاظ میں کہا جائے تو اب صرف کوئی کرشمہ ہی اس فلم کو ناکام ہونے سے بچا سکتا ہے۔