سیاست کی رپورٹس مختلف سیاسی قائدین اور رضاکارانہ تنظیموں کی نمائندگی پر چیف سکریٹری کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 25 فبروری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری تلنگانہ شانتی کماری نے 4 فیصد مسلم تحفظات کے تعلق سے اہم وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ بی سی ۔ ای 4 فیصد تحفظات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ مسلم تحفظات کو 4 فیصد سے گھٹا کر 3 فیصد کرنے کی تردید کی ہے اور روسٹر پوائنٹس میں بھی کوئی تبدیلی نہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ریاست میں حکومت نے 80 ہزار سے زائد سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا ہے اور ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے نوٹیفکیشن کی اجرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے مسلم تحفظات کو گھٹا کر 3 فیصد کرنے کی روسٹرس پوائنٹس کا ایک جدول جاری کیا گیا تھا جس پر ایک فیصد مسلم تحفظات گھٹ جانے پر مسلمانوں میں تشویش پائی جارہی تھی جس کے خلاف روزنامہ سیاست نے مسلسل رپورٹس شائع کی تھی اور یہ مسلمانوں کا اہم مسئلہ بن گیا تھا جس پر اپوزیشن جماعتوں اور رضاکارانہ تنظیموں نے بھی اپنے اپنے انداز میں احتجاج درج کرواتے ہوئے حکومت سے اس کی وضاحت کرنے کی اپیل کی تھی۔ مسلمانوں میں پائی جانے والی تشویش کو دیکھتے ہوئے مسلم ریزرویشن فرنٹ نے چیف سکریٹری تلنگانہ اور بی سی کمیشن کو نومبر 2022ء میں یادداشت پیش کرتے ہوئے اس کی وضاحت کرنے کی اپیل کی تھی جس پر چیف سکریٹری نے مسلم ریزرویشن فرنٹ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے وضاحت کی ہیکہ مسلم تحفظات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ 4 فیصد مسلم تحفظات جوں کا توں برقرار ہے۔ مسلم تحفظات کو گھٹانے کے مسئلہ پر سیاسی قائدین اور رضاکارانہ تنظیموں، ملازمین تنظیموں نے بھی حکومت کو توجہ دلائی تھی۔ن