6 ضمانتوں سے کوئی بھی مستحق محرومنہیں رہے گا: سرینو اس ریڈی

   

حیدرآباد/2 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ سابق کے سی آر حکومت نے تلنگانہ کو 6.71 لاکھ کروڑ کا مقروض بنادیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ سابق حکومت نے غریبوں کی بھلائی کو نظرانداز کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے وہ روزانہ 16 گھنٹے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں تلنگانہ فاضل آمدنی کی ریاست تھی لیکن کے سی آر نے اسے مقروض بنادیا ۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹ کے نام پر بھاری قرض حاصل کرکے بے قاعدگیاں کی گئیں۔ کانگریس حکومت نے برسراقتدار آتے ہی کابینی اجلاس میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کو منظوری دی جس سے غریبوں کے بارے میں کانگریس کی سنجیدگی کا اندازہ ہوتا ہے۔ خواتین کو بسوں میں مفت سفر اور آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی اسکیم پر عمل شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 جنوری تک پرجا پالنا کے تحت درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ اہل افراد کے انتخاب میں مکمل شفافیت رہے گی اور کوئی بھی مستحق اسکیمات سے محروم نہیں رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی معاشی صورتحال کمزور ہونے کے باوجود حکومت نے اسکیمات پر عمل کا فیصلہ کیا ہے۔1