نئی دہلی، 10 ستمبر (یو این آئی) دہلی پولیس کے اسپیشل سیل (ایسٹ زون) نے ایک جاسوسی گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔ پولیس نے ایک نیپالی شہری کو گرفتار کیا ہے جو پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو ہندوستانی سم کارڈ پہنچا رہا تھا۔ یہ سم کارڈ پاکستان سے واٹس ایپ کے ذریعے جاسوسی اور ہند مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے ۔ ڈپٹی کمشنر امت کوشک نے منگل کو کہا کہ خفیہ اطلاع ملی تھی کہ آئی ایس آئی پاکستان میں ہندوستانی موبائل نمبروں کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔ اس پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کیلاش سنگھ بشت کی ہدایت پر انسپکٹر راہل کمار اور انسپکٹر ونیت کمار تیوتیا کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔اٹھائیس اگست کو ٹیم نے خصوصی اطلاع کی بنیاد پر لکشمی نگر کے وجے بلاک میں چھاپہ مار کر مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ اس کی شناخت بیر گنج، نیپال کے رہنے والے پربھات کمار چورسیا (43) کے طور پر ہوئی ہے ۔ پوچھ گچھ کے دوران، اس نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے آدھار کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے 16 سم کارڈ (ایئرٹیل اور جیو) نکالے تھے اور انہیں نیپال بھیجا تھا۔