آر بی آئی نے ریپو شرح 0.25 فیصد بڑھائی

   

ممبئی، 07 اکتوبر (یو این آئی) ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے عالمی غیر یقینی صورتحال اور مستقبل میں مہنگائی بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر چہارشنبہ کو ریپو شرح میں 0.25 فیصد اضافہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی پالیسی کا رخ بھی سخت کر دیا گیا ہے ، جس سے مستقبل میں شرح میں مزید اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔ ریزرو بینک کی مالیاتی پالیسی کمیٹی کی آج ختم ہونے والی 3 روزہ میٹنگ کے بعد آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا نے بتایا کہ کمیٹی نے متفقہ طور پر ریپو شرح 5.25 فیصد سے بڑھا کر 5.50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریپو شرح وہ شرح ہے جس پر مرکزی بینک تجارتی بینکوں کو قلیل مدتی سرمایہ فراہم کرتا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مستقل جمع سہولت کی شرح 5.25 فیصد اور حاشیائی مستقل سہولت کی شرح 5.75 فیصد کر دی گئی ہے ۔ دونوں شرحوں میں 0.25 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ ریپو شرح میں اضافے کے بعد بینکوں کی جانب سے بھی صارفین کے لیے قرض مہنگا کیے جانے کا خدشہ ہے ۔ اس سے گھریلو قرض، ذاتی قرض اور صنعتوں کے لیے سرمایہ کی لاگت بڑھ سکتی ہے ۔

مسٹر ملہوترا نے بتایا کہ کمیٹی نے اکثریتی رائے سے پالیسی کا رخ سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کا مطلب ہے کہ مستقبل قریب میں پالیسی شرحوں میں کمی کی توقع نہیں ہے ۔ شرحوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا، یعنی آئندہ میٹنگوں میں یا تو انہیں موجودہ سطح پر برقرار رکھا جائے گا یا ان میں اضافہ کیا جائے گا۔ کمیٹی کے 6 ارکان میں سے 4 نے پالیسی کا رخ سخت کرنے کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ 2 ارکان کی رائے تھی کہ اسے غیر جانب دار رکھا جانا چاہیے ۔