ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ ہاسپٹلس کو فنڈز کی اجرائی ، ریونت ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آروگیہ شری اسکیم کیلئے سفید راشن کارڈ لازمی ہونے کے قواعد پر نظر ثانی کا جائزہ لینے حکام کو ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے محکمہ صحت کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا ۔ مختلف امور کا جائزہ لیا ۔ واضح رہے کہ کانگریس نے 6 گیارنٹی میں آروگیہ شری اسکیم کے مفت علاج کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کردینے کا وعدہ کیا تھا اور حکومت تشکیل دیتے ہی اندرون 48 گھنٹے ریونت ریڈی نے اس پر عمل کا آغاز کردیا ہے ۔ اجلاس میں چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کے اس اسکیم سے زیادہ سے زیادہ عوام کو فائدہ پہونچانے سفید راشن کارڈ کی جو لازمی شرط ہے اس پر نظر ثانی کا جائزہ لیں اور جلد رپورٹ پیش کریں ۔ اگر اس شرط پر نظر ثانی کی جاتی ہے تو زیادہ سے زیادہ غریب عوام کو موثر طبی سہولت فراہم ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ آروگیہ شری اسکیم کیلئے سفید راشن کارڈ لازمی ہونے سے سفید راشن کارڈ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر نے آروگیہ شری اسکیم کے تحت عوام کی طبی خدمات انجام دینے والے ہاسپٹلس کو ہر تین ماہ میں فنڈز کی اجرائی کیلئے ضروری اقدامات پر زور دیا ۔۔ 2