آندھراپردیش میں ماں اور بچہ کی گھر منتقلی کیلئے 500 گاڑیاں متعارف

   

چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا
حیدرآباد۔یکم اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کے بعد ماں اور بچے کو محفوظ طریقہ سے گھر پہنچانے کا انتظام کیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈاکٹر وائی ایس آر مدر چائلڈ اکسپریس کے نام سے 500 گاڑیاں جاری کی گئیں۔ چیف منسٹر نے آج ان گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ تلگو دیشم دور حکومت میں 108 اور 104 سرویس کے تحت استعمال کی جانے والی قدیم گاڑیوں کی جگہ نئی گاڑیاں متعارف کی گئی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ انہیں ایک نئی اسکیم کے آغاز پر بیحد خوشی ہے جس کے ذریعہ سرکاری دواخانوں سے ڈیلیوری کے بعد ماں اور بچہ کو گھر پہنچانے کا انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانہ میں بہتر طبی خدمات کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی کمی کے نتیجہ میں مریضوں کی منتقلی میں دشواریوں کا سامنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 1057 سرکاری دواخانوں میں ایک سال کے دوران تقریباً 4 لاکھ ڈیلیوری ہوئے ہیں۔ تقریب میں ریاستی وزراء پی رامچندر راؤ ، ایم سرینواس ، شنکر نارائنا اور دوسرے موجود تھے۔ ر