اردو زبان سے ہماری تہذیب و ثقافت وابستہ : مسعود حساس

   

ممبئی : ممبرا اور خلیج کے اولین صاحبِ دیوان شاعر مسعود حساس نے اردو زبان کو اپنے روز مرہ کے کاموں شامل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان میں نہ صرف تاریخی اور مذہبی سرمایہ ہے بلکہ اس سے ہماری تہذیب و ثقافت بھی وابستہ ہے ۔ یہ اپیل انہوں نے یہاں اپنے اعزاز میں تنظیم ایوانِ ادب کی طرف سے منعقدہ ’جشن مسعود حساس‘ کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ صرف اردو اردو چلانے سے اردو کا فروغ نہیں ہوگا بلکہ اردو کو اپنی زندگی، گھر کے ماحول اور اپنے روز مرہ کے کاموں میں اتارنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اردو کو صرف یہ سوچ کر بھی پڑھنا چاہئے کہ اس میں نہ صرف ہماری تاریخ ہے ، مذہبی کتاب ہے بلکہ ہماری تہذیب و ثقافت بھی اسی زبان میں ہے ۔