اساتذہ مستقبل کی نسلوں کے معمار ہیں: کلکٹر

   

کریم نگر:/6 ستمبر: (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلکٹریٹ آڈیٹوریم کریم نگر میں محکمہ تعلیم کے زیرِ اہتمام یومِ اساتذہ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں کلکٹر چترا مشرا، میئر کولگانی سرینواس، میونسپل کمشنر پرپْل دیسائی، ڈی ای او چیتنیہ جائنی، محکمہ تعلیم کے اے ڈی پرشانت ریڈی سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ کلکٹر چترا مشرا نے کہا کہ طلبہ کے لیے اسکول ان کا دوسرا گھر ہوتا ہے۔ اساتذہ کو چاہیے کہ بچپن ہی سے طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ صفائی، خود اعتمادی، حوصلہ اور نظم و ضبط کی بھی تربیت دیں۔ کلکٹر نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ انہیں درپیش کسی بھی مسئلے کو ان کے علم میں لانے پر اس کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ خوف کے بجائے عزم اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔میونسپل کمشنر پرپْل دیسائی نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے حدود میں واقع اسکولوں میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سائنس میوزیم کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے اور اسے جلد شروع کیا جائے گا۔ڈی ای او چیتنیہ جائنی نے کہا کہ طلبہ کی ترقی کے لیے متعدد پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں ضلع لائبریری چیئرمین ستّو ملیشم نے کہا کہ طلبہ میں مطالعہ کی عادت کو فروغ دینے کے لیے ضروری تعاون اور سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر تعلیمی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے بہترین اساتذہ کو ایوارڈز پیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔