اسمارٹ راشن کارڈس کی آج سے تقسیم: جگاریڈی

   

سنگاریڈی میں چیف منسٹر تقسیم کا آغاز کریں گے، جلسہ عام کی تیاریاں مکمل، ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع
سنگاریڈی 14 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی میں ہفتہ کے روز منعقد ہونے والے تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے جلسہ عام کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ٹی پی سی سی ورکنگ پریسیڈنٹ جگاریڈی نے صدر ضلع کانگریس نرملا جگاریڈی کے ہمراہ جلسہ گاہ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر جگاریڈی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا چیف منسٹر کے ہاتھوں آغاز عمل میں آئے گا۔ چیف منسٹر کے جلسہ عام میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جارہے ہیں۔ جلسہ کی کامیابی کے لیے پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ اور وزراء اتم کمار ریڈی، دامودر راج نرسمہا اور وویک وینکٹ سوامی کے ساتھ روزانہ جائزہ اجلاس منعقد کیے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سنگاریڈی آئی بی چوراہے پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سابق وزرائے اعظم جواہر لال نہرو اور راجیو گاندھی کے مجسموں کی نقاب کشائی کریں گے۔ جگاریڈی کے مطابق سنگاریڈی اسمبلی حلقہ سے ہی تقریباً 50 ہزار افراد جلسہ میں شرکت کریں گے۔جگاریڈی نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس دور میں محدود تعداد میں راشن کارڈ جاری کیے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس حکومت نے اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز کیا ہے اور ریاست بھر میں ایک کروڑ پانچ لاکھ افراد کو اسمارٹ راشن کارڈس فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بارش کی صورت میں بھی جلسہ عام میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، اس کے لیے جرمن شیڈس نصب کیے جارہے ہیں۔اس موقع پر حلقہ اسمبلی کنوینر چیریال انجنیلو، ٹی پی سی سی جنرل سکریٹری توپجی اننت کشن، بلاک کانگریس صدر جارج کے علاوہ قائدین کرن گوڑ، کونہ سنتوش، شفیع حفیظ اور دیگر موجود تھے۔