اسمبلی انتخابات میں متاثرکن پولنگ، کئی جگہ تشدد

,

   

برسر اقتدار اور اپوزیشن پارٹیوں کے کارکنوں میں جھڑپیں،بعض جگہ بموں کا استعمال

چینائی/ تھرواننتاپورم/ کولکاتا: کیرالا ، ٹاملناڈو اور پڈوچیری اسمبلی انتخابات میں منگل کو بھاری تناسب میں رائے دہی ہوئی جبکہ جنوبی ہند میں کانگریس اور اس کے ساتھ ڈی ایم کے جیسی حلیف پارٹیاں سخت انتخابی مسابقت میں دوبارہ قدم جمانے کوشاں ہیں۔ کیرالا میں جہاں بایاں بازو مخالف حکمرانی عنصر کو ناکام بناتے ہوئے اقتدار برقرار رکھنے پرامید ہیں، وہاں تقریباً 74 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ بی جے پی اس ریاست میں پیشرفت کرنے زبردست کوششیں کر رہی ہیں۔ ٹاملناڈو میں 234 اسمبلی حلقوں میں 63.47 فیصد اور پڈوچیری میں 77.90 فیصد ووٹنگ درج ہوئی۔ آسام میں سہ رخی اسمبلی الیکشن آج ریاست میں تیسرے و آخری مرحلہ کی پولنگ میں تقریباً 79 فیصد رائے دہی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ آسام میں برسر اقتدار بی جے پی کو کانگریس زیر قیادت اتحاد سے سخت مقابلہ درپیش ہے۔ مغربی بنگال میں بھاری رائے دہی اور تشدد کا رجحان جاری رہا جبکہ برسر اقتدار ترنمول کانگریس ، بی جے پی اور لیفٹ۔ کانگریس اتحاد نے باوقار الیکشن میں اپنا سب کچھ داؤ پر لگادیا ہے۔ بنگال میں آج تیسرے مرحلہ کی پولنگ ہوئی جس کے دوران دو خواتین کے بشمول 5 امیدواروں کو انتخابات سے متعلق جھڑپوں میں حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران 31 نشستوں کے لئے زائد از 77 فیصد ووٹنگ درج ہوئی۔بنگال کے مختلف علاقوں جیسے اولوبیریا، کھناکول، پالٹا، کیننگ پوربا، درب راجپور اور ہگلی میں تشدد پیش آیا جہاں ایک بی جے پی حامی کے فیملی ممبر کو ہلاک کردیا گیا۔ اس بڑی مشرقی ریاست میں 8 مرحلوں میں پولنگ ہورہی ہے۔ دیگر ریاستوں میں بھی کہیں کہیں حریف پارٹیوں کے ورکرس کے درمیان جھڑپوں کے واقعات کی اطلاع ملی ہے۔ بڑے پیمانہ پر پولنگ کا عمل کووڈ۔19 کے ہیلت پروٹوکول کی تعمیل کے ساتھ مکمل کیا گیا جس میں لاکھوں پرسونل نے حصہ لیا۔ ڈی ایم کے لوک سبھا ایم پی کنی موڑی جو کووڈ کے سلسلہ میں زیر علاج ہیں، انہوں نے چینائی کے ایک پولنگ اسٹیشن پہنچ کر ووٹ ڈالا۔وہ پی پی ای کٹ پہنی ہوئی تھیں۔سیاسی تشدد کے لئے بدنام مغربی بنگال ایک دن قبل ہی جنوبی 24پرگنہ کے کیننگ میں ترنمول کانگریس اور آئی ایس ایف جو کانگریس اور بائیں محاذ کے ساتھ اتحاد کا حصہ ہے کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی ۔آج آئی ایس ایف نے الزام عاید کیا ہے کہ کیننگ ایسٹ علاقے میں واقع 127 نمبرپولنگ بوتھ کے قریب آئی ایس ایف کے حامیوں کے ساتھ مارپیٹ کی گئی ہے ۔ آئی ایس ایف کے پولنگ ایجنٹ کو بیٹھنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے ۔اس کی خبر عام ہوتے ہی آئی ایس ایف کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ ترنمول کانگریس اور آئی ایس ایف کے حامیوں کے درمیان جھڑپ پر کنٹرول کرنے کے لئے فوری طور پر بڑی تعداد میں ریاپڈ ایکشن فورس موقع پر پہنچ گئی ۔دونوں کے حامیوں کو منتشر کردیا گیا ہے ۔ گزشتہ رات بسنتی کے ہردیا میں پولنگ بوتھ نمبر 14 اور 15 کے باہر بم اور گولیاں ملی ہیں۔ جب منگل کی صبح پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی تو جائے وقوعہ سے بموں اور گولیوں کی کھالیں برآمد ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ بسنتی اسمبلی حلقہ کے علاقے سوناکھالی سے بڑی تعداد میں کارآمد بم بھی برآمد کیا گیا ، جسے پولیس نے ناکارہ بنا دیا ہے ۔ ایک ڈرم بم بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ اپوزیشن نے الزام عاید کیا ہے کہ یہ ووٹروں کو دھمکانے کے لئے ترنمول کانگریس کے حامیوں نے جمع کیا ہے ۔