لکھنو: رامپور کی ایم پی ایم ایل اے عدالت نے فرضی برتھ سرٹیفکیٹ کیس میں اعظم خان، بیوی تنظیم فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کو سات سات سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت کے اس فیصلے سے سماج وادی پارٹی کو گہرا جھٹکا لگا ہے۔ اعظم خان ایس پی کے قدآور لیڈر ہیں۔ اکھلیش یادو کے بعد چچا شیو پال سنگھ یادو نے بھی اعظم خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ شیوپال نے شاعری میں اعظم خاندان کی سزا کے درد کو بیان کیا۔فیصلہ آنے کے بعد اکھلیش یادو نے کہا تھا کہ اعظم خان کو مسلمان ہونے کی سزا دی گئی ہے۔ ان کے خلاف سازشیں کی گئیں۔ پچھلے مہینے ایس پی نے اعظم خان کے گھر پر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی پر بھی یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ایس پی لیڈر شیوپال یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’’آفتاب چھپ گیا تو کیا غم، صبح نو ضرور آئے گی، شرط بس یہی ہے کہ وقت کا تھوڑا انتظار کیجئے۔‘‘ وہیں، شکشک سمان پروگرام میں اناؤ کے دورے پر آئے ایس پی ریاستی صدر نریش اتم پٹیل نے انکم ٹیکس محکمہ کی کارروائی پر ردعمل ظاہر کیا تھا۔