افغانستان کی مسجد میں دھماکہ، 28 مصلی جاں بحق

,

   

جلال آباد۔ 18 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کی ایک مسجد میں آج نماز جمعہ کے دوران ایک دھماکہ کے نتیجہ میں کم از کم 28 مصلی جاں بحق اور کئی درجن دیگر زخمی ہوگئے۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ اقوام متحدہ نے ایک روز قبل ہی کہا تھا کہ ملک میں تشدد ناقابل قبول سطحوں تک پہنچ گیا ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خودیانی نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ یہ دھماکہ جس سے عینی شاہدین کے مطابق مسجد کی چھت اڑ گئی، مشرقی صوبہ ننگرہار میں پیش آیا۔ ترجمان گورنر نے بتایا کہ کم از کم 55 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت جلال آباد سے لگ بھگ 50 کیلو میٹر دور ضلع حسکامینا میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد مصلی تھے۔ ایک مقامی دواخانہ کے ڈاکٹر نے مرنے والوں کی تعداد 32 بتائی ہے۔ اس دھماکہ کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ طالبان اور اسلامک اسٹیٹ گروپ دونوں اس صوبہ میں سرگرم ہیں۔ عینی شاہدین نے کہا کہ مسجد کی چھت زوردار دھماکہ کے ساتھ گر گئی۔ دھماکہ کی نوعیت کا فوری طور پر پتہ نہ چل سکا۔ 65 سالہ مقامی شخص حاجی امانت خان نے کہا کہ درجنوں افراد نے جان گنوائی اور مزید کئی درجن زخمی ہوگئے جنہیں کئی ایمبولنس گاڑیوں میں لے جایا گیا۔ جمعرات کو یو این کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ افغانستان میں جولائی سے ستمبر تک ہلاک اور زخمی ہونے والے شہریوں کی تعداد غیرمعمولی طور پر بڑھ چکی ہے۔