اسمبلی کی اقلیتی بہبود اور ایس سی بہبود کمیٹیوں کا پہلا اجلاس، صدرنشین کونسل اور اسپیکر اسمبلی کی شرکت
حیدرآباد۔24۔اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی اقلیتی بہبود اور سماجی بہبود کمیٹیوں کا آج اجلاس منعقد ہوا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار اور ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش مدیراج کے علاوہ کمیٹیوں کے ارکان نے شرکت کی۔ اقلیتی بہبود کمیٹی کے صدرنشین ٹی لکشمی کانت راؤ کمیٹی کے ارکان ڈی لکشما ریڈی ، کے وینکٹیش ، پی شنکر ، ایس سی ویلفیر کمیٹی کے صدرنشین ایم ستیم ، ارکان ایم بجو ، کے آر ناگراج ، کے ستیہ نارائنا ، شری پال ریڈی ، بسوا راج ساریا کے علاوہ سکریٹری کونسل وی نرسمہا چاریلو اور اسمبلی کے سکریٹری آر تروپتی نے شرکت کی۔ صدرنشین کونسل اور اسپیکر اسمبلی نے دونوں کمیٹیوں کے صدورنشین کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ اقلیتی بہبود اور ایس سی بہبود کے سلسلہ میں کمیٹیاں موثر سفارشات پیش کریں گی۔ سکھیندر ریڈی نے کہا کہ جمہوریت میں ایوان کی کمیٹیوں کا رول اہمیت کا حامل ہے۔ سرکاری محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں ایوان کی کمیٹیاں اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی ترقی کے لئے حکومت نے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے، ان پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانا اسمبلی کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ اسپیکر جی پرساد کمار نے کہا کہ وہ 2008 میں ایس سی ویلفیر کمیٹی کے صدرنشین رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب کی ملک بھر میں منفرد شناخت ہے۔ ہندو ، مسلمان ، عیسائی اور دیگر اقلیتی طبقات آپسی بھائی چارہ کے ساتھ زندگی بسر کرتے ہیں اور ایک دوسرے کی عید اور تہواروں میں شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی آبادی میں 18 فیصد ایس سی طبقات ہیں اور ان کی بھلائی کیلئے کمیٹی کو سفارشات پیش کرنی ہوگی۔ کمیٹی کے صدرنشین اور ارکان نے اپنی اپنی ذمہ داریوں کی بہتر طور پر تکمیل کا تیقن دیا۔1/k/i