امریکہ نے 4 سال میں پہلی بار شرح سود میں بڑی کمی کردی

   

واشنگٹن: امریکی فیڈرل ریزرو (مرکزی بینک) نے 4 سال بعد شرح سود میں معمول سے زیادہ کمی کا اعلان کردیا۔ شرح سود 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کے بعد 4.75 فیصد سے 5 فیصد کی حد تک آگئی۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق امریکی فیڈرل ریزرو نے شرح سود میں 50 بیسس پوائنٹس کی کمی کا اعلان کیا ہے جس سے یہ شرح 4.75 فیصد سے 5 فیصد کے درمیان آگئی ہے ۔بینک کے سربراہ جیروم پاول نے اشیا کی قیمتوں میں اضافہ اور روزگار کے بڑھتے ہوئے مسائل کی وجہ سے اس اقدام کو مثبت قرار دیا۔شرح سود میں کمی امریکی قرض دہندگان کے لیے راحت کا باعث ہوگی جو دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے بلند ترین شرح سود کا سامنا کررہے ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کمی ایک ہفتہ قبل کی گئی پیش گوئی سے زیادہ ہے جب کہ بینک کی جانب سے پیشن گوئی کی گئی تھی کہ سال کے آخر تک شرح سود میں آدھے پوائنٹ کی مزید کمی ہو سکتی ہے ۔