انحت سنگھ اور رمیت ٹنڈن پری کوارٹر فائنل میں داخل

   

لندن، 2 ستمبر (آئی اے این ایس) ہندوستان کی انحت سنگھ اور رمیت ٹنڈن نے لندن اسکواش کلاسک میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے پی ایس اے گولڈ ٹورنمنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ ویر چوٹ رانیٹ کو ابتدائی راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خواتین کی عالمی نمبر20 اور موجودہ جونیئر عالمی چمپئن انحت سنگھ نے دن کی سب سے شاندار ہندوستانی کارکردگی پیش کرتے ہوئے مصرکی عالمی نمبر 30 مریم متولی کو محض11 منٹ میں 11-3، 11-2 سے شکست دی۔ ہندوستانی نوجوان کھلاڑی نے میچ کے آغاز ہی سے اپنی گرفت مضبوط رکھی اور متولی کو مقابلے میں قدم جمانے کا زیادہ موقع نہیں دیا۔ انحت نے پہلا گیم تیزی سے اپنے نام کرنے کے بعد دوسرے گیم میں بھی مکمل برتری برقرار رکھی اور اگلے مرحلے میں جگہ پکی کرلی۔ تاہم پری کوارٹر فائنل میں انحت کو ایک سخت چیلنج درپیش ہوگا، جہاں جمعرات کو ان کا مقابلہ بیلجیم کی عالمی نمبر11 نیلے گلس سے ہوگا۔ مردوں کے مقابلوں میں عالمی نمبر42 رمیت ٹنڈن نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بھی گیم گنوائے بغیر قطرکے عبداللہ التمیمی کو 20 منٹ میں 11-6، 11-7 سے شکست دی۔ ٹنڈن نے دونوں گیمز میں کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی، جہاں ان کا مقابلہ آٹھویں سیڈ مصر میں پیدا ہونے والے لیکن اب انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے محمد الشوربگی سے ہوگا۔ یہ مقابلہ ہندوستانی کھلاڑی کے لیے ایک بڑا امتحان ثابت ہوگا۔ دوسری جانب عالمی نمبر38 ویر چوٹ رانیٹ کے لیے دن مایوس کن رہا۔