روم : اٹلی کی وزارت خارجہ نے چہارشنبہ کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے روم میں متعین روسی سفیر کو طلب کر کے اٹلی میں جاسوسی کی سرگرمیوںپر سخت احتجاج کیا ہے۔ روم کی جانب سے روس کے خلاف احتجاج ایک اطالوی افسر کی روس کے لیے جاسوسی کے انکشاف کے بعد کیا گیا۔ اطالوی حکام کا کہنا ہے کہ انہوںنے ایک مقامی افسر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے جس نے جاسوسی کے مقاصد کے لیے روسی افسر سے ملاقات کی تھی اور اسے ریاست کے اہم رازوں کے بارے میں’ خفیہ دستاویزات’ فراہم کی تھیں۔ دوسری طرف برطانیہ نے بھی روسی سرگرمیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔جبکہ کریملن نے چہارشنبہ کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ جاسوسی کے الزام ایک اطالوی کی گرفتاری کے معاملے کی چھان بین کررہا ہے۔ کریملین کا کہنا ہیکہ ایک اطالوی افسر کو روسی افسر کے ساتھ خفیہ راز شیئر کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود روس اور اٹلی کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں۔