تہران ؍ نئی دہلی: ہندوستان میں تعینات ایرانی سفیر ایراج الہی نے کہا ہے کہ ہم ہندوستان کو تیل کی فراہمی کے لیے تیار ہیں تاہم اس کیلئے امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں سے بچنے کی ضروت ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر ایراج الہی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگومیں ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ہندوستان کو تیل کی سپلائی دوبارہ شروع کرنے اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کے لیے اپنی کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے ایران کے خلاف عائد پابندیوں کے سوال پر ایرج الہی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک غیر قانونی امریکی پابندیوں کو پس پشت ڈال کر اس مسئلے کو اپنے قومی مفادات کے مطابق حل کرنے کیلئے راستہ اختیار کریں، ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران کی آزادی ہندوستان کے لیے بہترین ضمانت ہے۔ انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم ہندوستان کو تیل بیچنا چاہتے ہیں اور ہندوستان سے بھی اپنی ضرورت کی مصنوعات خریدنا چاہتے ہیں۔