ایرانی نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کی حالت تشویشناک

   

پیرس، 6 مئی (یو این آئی) ایران کی نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے ۔الجزیرہ کے مطابق ایران کی نوبل امن انعام یافتہ نرگس محمدی کے حامیوں اور قانونی نمائندوں نے فوری بین الاقوامی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ قید نے انسانی حقوق کی اِس کارکن کو موت کا خطرہ لاحق کر دیا ہے منگل کے روز پیرس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نرگس فاؤنڈیشن کی وکیل شیریں اردکانی نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے زنجان کے ایک صوبائی اسپتال میں جیل سے منتقلی کے بعد نرگس محمدی کی صحت تباہ کن حد تک بگڑ چکی ہے ۔انھوں نے صحافیوں سے کہا ”ہم کبھی بھی نرگس کی زندگی کے لیے اتنے خوف زدہ نہیں ہوئے ؛ وہ کسی بھی لمحے ہمیں چھوڑ سکتی ہیں۔ ہم صرف ان کی آزادی کے لیے نہیں لڑ رہے بلکہ ان کے دل کی دھڑکن جاری رکھنے کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔”نرگس، جنھیں ایران میں خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد پر 2023 کا نوبل انعام دیا گیا تھا، کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ انھیں دو مرتبہ دل کے دورے پڑ چکے ہیں اور ان کا وزن بھی کافی کم ہو گیا ہے ، جس کی وجہ ان کے خاندان کے مطابق مہینوں تک منظم طبی غفلت رہی ہے ۔فاؤنڈیشن کی قانونی ٹیم نے فرانسیسی صدر امانوئل میکرون سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تہران کے ساتھ سخت سفارتی مؤقف اختیار کریں تاکہ ان کی رہائی ممکن بنائی جا سکے ۔