ایس آئی آر کے عمل میں قطعی لاپرواہی نہ کی جائے

   

عوامی بیداری کیلئے کانگریس پارٹی متحرک ، کے سری ہری کی سیاست نیوز سے بات چیت
نرمل ۔27 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی نرمل کانگریس انچارج کے سری ہری راؤ نے سینئر صحافی اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست سید جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ایس آئی آر معاملے میں قطعی لاپرواہی نہ کی جائے ۔ خصوصی جامع ووٹر فہرست نظرثانی پروگرام SIR-2026 کے بارے میں عوام میں بیدری کے لئے کانگریس پارٹی کے بوتھ لیول ایجنٹ کو ہر وارڈ اور ہر گرام پنچایت میں متحرک کردیا گیا ہے جبکہ بی ایل اوز گھر گھر پہونچ کر فارمس تقسیم کریں گے ۔ لہذا عوام صحیح معلومات فراہم کرتے ہوئے اپنے اپنے نام درج کروائیں ۔ اس سلسلہ میں مختلف تنظیمیں بھی سرگرم ہیں۔ ساتھ ہی کانگریس پارٹی کے بوتھ لیول ایجنٹس بھی ہر وارڈ پر دیہی علاقوں میں عوام کی رہنمائی کیلئے دستیاب رہیں گے ۔ کسی غلط فہمی کاشکار ہونے کی کسی کو ضرورت نہیں ہے ۔ جامع ووٹر فہرست نظرثانی کے ذریعہ ووٹر فہرستوں کو مزید شفاف اور دُرست بنایا جارہا ہے۔ آئین کی جانب سے دیا گیا ووٹ کا حق ایک طاقتور ہتھیار کی مانند ہے اور انتخابی عمل میں عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانے میں یہی جمہوریت کی طاقت ہے جو ملک کے ہر شہری کو اپنے حقوق کی آزادی دیتا ہے ۔ اسی کے ساتھ ہمیں اس بات کا بھی خاص خیال رکھنا چاہئے کہ ایس آئی آر میں اپنے ووٹوں کو منتشر ہونے یاحذف ہونے سے بچانے کیلئے اپنے گھر کے ووٹوں کے ساتھ ساتھ اپنے پڑوسیوں کی بھی رہنمائی کرتے ہوئے بغیر کسی لاپرواہی کے میاپنگ میں ایک دوسرے کا تعاون کریں اور ناموں کا صحیح اندراج کریں ۔ آخر میں کے سری ہری راؤ نے بتایا کہ ریاست کی حکومت سے کامیاب نمائندگی پر نرمل اسمبلی حلقہ کے مختلف ترقیاتی کاموں کیلئے (71) کروڑ روپیہ منظور ہوچکے ہیں ۔ اس ضمن میں انھوں نے ریاستی وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی سے اظہارِ تشکر کیا ۔ آخر میں کے سری ہری راؤ نے بتایاکہ کانگریس حکومت کی کارکردگی سے ریاست تلنگانہ کے تمام طبقات مطمئن ہیں ۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حلقہ اسمبلی نرمل کو ایک مثالی علاقہ بنانے کیلئے مسلسل وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے نرمل کی ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں اور اُن کا یقین ہے کہ کانگریس کے وزیراعلیٰ نرمل ضلع کی ترقی کیلئے کافی سنجیدہ ہیں۔