چینائی : ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت شرما ہندوستان کے ایسے چھٹے بولر بنے ہیں جنہوں نے ٹسٹ کرکٹ میں 300 وکٹیں مکمل کرلی ہیں اور وہ لیجنڈری بولر انیل کمبلے اور کپل دیو کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔ ایشانت نے یہ کارنامہ آج یہاں انگلینڈ کے خلاف رواں پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں چوتھے دن انجام دیا جب انہوں نے ڈان لارینس کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ کمبلے اور کپل دیو کے علاوہ 600 وکٹیں لینے والے دیگر بولروں میں روی چندرن اشون، ہربھجن سنگھ اور ظہیرخان شامل ہیں۔ 32 سالہ فاسٹ بولر ایشانت شرما نے 98 مقابلوں میں 300 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ اشون اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں جیسا کہ انہوں نے 54 مقابلوں میں 300 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ انیل کمبلے نے 66، ہربھجن سنگھ نے 72، کپل دیو نے 83 اور ظہیرخان نے 89 ٹسٹ مقابلوں میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ یاد رہے ایشانت شرما نے 2007ء میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے ٹسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا۔