ایل او سی کے قریب پاکستانی جنگی طیارہ، ہائی الرٹ

   

پونچھ: ہندوستانی سرحد پر پاکستانی ڈرون دیکھے جانے کے واقعہ کے بعد آج جموں وکشمیر کے پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پاس پاکستانی جنگی طیارہ دکھائی دینے کے بعد فوج کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ پاکستانی جیٹ کے کنٹرول لائن کے قریب تک آنے کی جانچ کی جارہی ہے۔ فوج یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ غلطی سے ہوا یا پھر پاکستان نے کسی سازش کے تحت ایسا کیا ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوج نے سرحدی تحفظ میں تعینات فوج کو الرٹ جاری کردیا ہے۔فوج کے ذرائع کے مطابق، یہ حادثہ پیر کی صبح پیش آیا ہے۔ سرحد پر تعینات جوانوں کو ایل او سی کے پاس جیٹ کی آواز سنائی دی۔ اس کے ساتھ ہی آسمان میں دھوئیں کی ایک سیریز بھی دیکھی گئی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کا جیٹ ایل او سی کے پاس سے گزرا اور غائب ہوگیا۔ اس سے پہلے کہ فوج اس کارروائی کے خلاف کوئی قدم اٹھاتی، جیٹ ہوا میں اوجھل ہوگیا۔