نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے ہفتہ کو اوڈیشہ، راجستھان، بہار، اتر پردیش اور چھتیس گڑھ میں پانچ اسمبلی اور ایک لوک سبھا حلقے میں 5 دسمبر کو ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔انتخابی کمیشن کی جانب سے جاری ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اسمبلی ضمنی انتخابات پدم پور (اوڈیشہ)، سردار شہر (راجستھان)، کرہانی (بہار)، بھانو پرتاپ پور (چھتیس گڑھ) اور رام پور (اتر پردیش) میں ہوں گے جبکہ اسی مدت میں، مین پوری (اتر پردیش) میں بھی ایک پارلیمانی
سیٹ پر الیکشن ہوں گے۔انتخابی کمیشن نے بتایا کہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تاریخ 10 نومبر اور پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 نومبر ہے۔پرچہ جات کی جانچ 18 نومبر کو ہوگی۔ نام واپس لینے کی آخری تاریخ 20 نومبر ہے۔ پینل نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی۔ یہ انتخابات گجرات اسمبلی الیکشن کے ساتھ ہورہے ہیں ۔ دو اسمبلی حلقہ سماج وادی پارٹی کے غلبہ والے سمجھے جاتے ہیں ۔ پارلیمانی حلقہ مین پوری میں ضمنی انتخاب سماج وادی پارٹی کے بانی و تین مرتبہ چیف منسٹر رہے ملائم سنگھ یادو کی موت کی وجہ سے ہورہا ہے ۔رام پور اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب کی وجہ سماج وادی پارٹی کے رکن اعظم خاں کی رکنیت کی منسوخی ہے ۔