ٹوئٹر پر دلچسپ تبصرے اور تنقیدیں
واشنگٹن:ہند نژاد رِشی سْنک برطانیہ کے وزیر اعظم بن گئے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ جلد از جلد ملک کو معاشی بحران سے باہر نکالا جائے۔ اس درمیان امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ایک خطاب میں رِشی سنک کا تذکرہ کرتے ہوئے کچھ ایسی غلطی کر دی ہے جس پر انھیں تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دراصل انھوں نے رِشی سْنک کا نام ٹھیک طرح سے نہیں بولا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے اور لوگ امریکی صدر کو ٹرول کرنے سے پیچھے نہیں ہٹ رہے۔دراصل امریکی عوام سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے سْنک کے نام پر دو بار غلطی کی۔ امریکی صدر اس دوران کچھ کنفیوز بھی دکھائی دئے۔ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ’’ہمیں برطانیہ سے جڑی ایک خبر سنائی دے رہی ہے۔ راشد… راشد… راشد سنوک نئے برطانوی وزیر اعظم بن گئے ہیں۔‘‘ اس ویڈیو کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ بائیڈن کو رِشی سْنک کا نام ٹھیک طرح سے یاد نہیں، جس کی وجہ سے وہ ’رِشی‘ کو ’راشد‘ کہہ گئے ہیں اور ’سْنک‘ کو ’سنوک‘ کہتے ہیں۔اب بائیڈن ٹرولرس کے نشانے پر ہیں۔ ’ٹرولسٹائے‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے لکھا ہے کہ ’’پتہ نہیں جو بائیڈن کو کہاں سے یہ خبر مل گئی ہے کہ کوئی راشد سنوک نام کا شخص برطانیہ کا وزیر اعظم بن گیا ہے۔ بائیڈن کہیں رِشی سْنک کی بات تو نہیں کر رہے ہیں!‘‘ اسی طرح ’شکتی‘ نامی ٹوئٹر اکاونٹ سے لکھا گیا ہے ’’ایک بار پھر جو بائیڈن سوتے ہوئے پائے گئے ہیں۔ امریکی صدر بائیڈن نے راشد سنوک کو برطانیہ کا نیا وزیر اعظم بننے کے لیے مبارکباد دی ہے۔ مجھے سمجھ نہیں نہیں آتا ہے کہ یہ وہائٹ ہاؤس کیسے چلا لیتے ہیں؟‘