بھٹی وکرمارکا نے 35 دن میں 350 کیلو میٹر کی پد یاترا کی

   

آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی، طلبہ کے ساتھ حکومت کی دھوکہ دہی
حیدرآباد۔20۔اپریل (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا 35 ویں دن پدا پلی ضلع میں جاری رہی۔ بھٹی وکرمارکا نے ابھی تک 350 کیلو میٹر کی مسافت طئے کرلی ہے۔ شدید گرمی اور دھوپ کے باوجود بھٹی وکرمارکا کا عوام کی جانب سے استقبال کیا گیا اس موقع پر بھٹی وکرمارکا نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کے اقتدار کے ذریعہ غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں نئے سال میں نئی حکومت تشکیل پائے گی جو کانگریس کی رہے گی۔ کانگریس پارٹی نے کسانوں کو دو لاکھ روپئے تک قرض کی معافی ، آروگیہ شری اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج ، غریبوں کو 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر کی سربراہی اور غریبوں کو مکانات کی تعمیر کے لئے امداد کا فیصلہ کیا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ کیا گیا وعدہ فراموش کردیا گیا ۔ بیروزگار نوجوانوں کو سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا انتظار تھا لیکن پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچوں کا افشاء ہوچکا ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے پد یاترا کے دوران سماج مختلف طبقات سے ملاقات کی اور جھوٹے کاروباریوں سے احوال دریافت کئے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں فیس ری ایمبرسمنٹ اور اسکالرشپ کی اجرائی روک دی گئی ہے اور طلبہ کو 4000 کروڑ کے بقایہ جات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو تاریک کرنے کے لئے کے سی آر حکومت ذمہ دار ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ اسکالرشپ اور فیس باز آدائیگی روک دیئے جانے سے کئی پروفیسر کالجس بند ہوچکے ہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی برسر اقتدار آتے ہی عوام کی خوشحالی کے دور کا آغاز ہوگا۔ر