عوام پر سے بی آر ایس کا اعتماد ختم، آئندہ اسمبلی میں کانگریس 80 فیصد نشستیں حاصل کرے گی : مہیش کمار گوڑ
نظام آباد :6؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ نے کہا ہیکہ کانگریس پارٹی کیلئے گاؤں کی سطح سے لیکر منڈل سطح تک مسلسل کام کرنے والے اور گزشتہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کیلئے محنت کرنے والے کارکنوں کو ہی نامزد عہدوں میں ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نامزد عہدوں پر تقرریاں جلد عمل میں لائی جائیں گی۔ ضلع کانگریس دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ہریش راؤ نے جادو ٹونا کیا ہے، تاہم بعض مندروں میں انہوں نے جو خصوصی رسومات انجام دیں، ان کی حقیقت عوام کے سامنے آنی چاہیے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت کے دور میں کسٹم ملنگ رائس سے متعلق رائس ملوں کے بقایہ جات کی وصولی کیلئے ریاستی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے اور بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قصوروار کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں، انہیں ہرگز بخشا نہیں جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ زیر التوا ترقیاتی اور آبپاشی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے گا، تاہم حالیہ شدید بارش کے باعث بعض کاموں میں تاخیر ہو رہی ہے، اس لیے عوام تعاون کریں۔کے ٹی آر کی جانب سے کالیشورم ریورس پمپنگ منصوبے کے ذریعے دو لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی فراہم کرنے کے دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ڈیم سیفٹی حکام کی مخالفت کے باوجود سابق حکومت نے محض کمیشن حاصل کرنے کیلئے کام کیے، جبکہ موجودہ کانگریس حکومت ڈیم سیفٹی ماہرین کی سفارشات کے مطابق ہی منصوبوں پر عمل کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہار کے بنکی پور میں بی جے پی کی شکست وزیر اعظم نریندر مودی کے سیاسی زوال کی ابتدا ہے، جبکہ تلنگانہ میں کے ٹی آر کی مجوزہ پدیاترا سے عوام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ ریاست کے عوام بی آر ایس پر اب اعتماد نہیں کرتے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس 80 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ایل نینو کے خدشات کے باوجود ریاست میں اچھی بارش ہوئی ہیں، جس سے کسانوں اور عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔پریس کانفرنس میں ضلع کانگریس صدر ناگیش ریڈی، نظام آباد کی میئر اُمارانی، بوبلی رام کرشنا اور دیگر کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔