بہتر طبی خدمات کیلئے ملک میں تلنگانہ کو نمایاں مقام

   

نانک رام گوڑہ میں ہاسپٹل کا افتتاح، اسپیکر پرساد کمار اور گورنمنٹ وہپ مہیندر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔25 ۔ جون (سیاست نیوز) اسپیکر قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے قانون ساز کونسل میں گورنمنٹ وہپ مہیندر ریڈی کے ہمراہ فینانشیل ڈسٹرکٹ کے حدود میں واقع نانک رام گوڑہ میں اے پی سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کا افتتاح انجام دیا۔ اسپیکر پرساد کمار نے تلنگانہ میں طبی سہولتوں میں اضافہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اور خانگی شعبہ میں عوام کیلئے بہتر طبی سہولتیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے خانگی شعبہ کے ہاسپٹلس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے طبی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے جامع ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے مقصد کی تکمیل میں خانگی ہاسپٹلس کو اہم رول ادا کرنا چاہئے ۔ پرساد کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں حالیہ برسوں میں سرکاری اور خانگی سطح پر عصری علاج کی خدمات میں اضافہ ہواہے اور ہاسپٹلس میں جدید آلات حاصل کئے گئے ہیں۔ بین الاقوامی معیار کی طبی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ حیدرآباد کو طبی خدمات کے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے خانگی ہاسپٹلس سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے مقاصد کی تکمیل میں تعاون کریں اور عوام کو رعایتی شرحوں پر بہتر خدمات فراہم کی جائیں ۔ گورنمنٹ وہپ مہیندر ریڈی نے کہا کہ کوئی بھی مریض ہاسپٹل میں طبی سہولتوں سے محروم نہ رہنے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں مریضوں کے رجوع ہوتے ہی انہیں بہتر علاج حاصل ہونا چاہئے۔ انہوں نے غریبوں کے لئے رعایتی علاج کی سفارش کی۔1/k/m/b