بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان اتحاد ، چیف منسٹر کا سنسنی خیز انکشاف

   

تلنگانہ میں 17 لوک سبھا حلقوں میں بی آر ایس 7 اور بی جے پی کا 10 حلقوں پر مقابلہ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے لوک سبھا انتخابات سے قبل سنسنی خیز ریمارکس کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان سیاسی اتحاد کے لیے خفیہ مفاہمت ہوگئی ہے ۔ بی آر ایس 7 اور بی جے پی 10 حلقوں پر مقابلہ کرے گی ۔ بہت جلد اس کا سرکاری طور پر اعلان ہوجائے گا ۔ میڈارام میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے یہ سنسنی خیز انکشاف کیا ہے ۔ جس کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے ۔ ریاست میں بی آر ایس اقتدار سے محروم ہوگئی جس کے بعد سے یہ افواہیں گشت کررہی ہے کہ بی آر ایس اور بی جے پی قائدین کے درمیان لوک سبھا انتخابات میں سیاسی اتحاد ہوگا ۔ بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر بہت جلد دہلی کا دورہ کریں گے اور اتحاد کے سلسلہ میں بی جے پی کی قومی قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ ان افواہوں کی بی آر ایس قیادت نے تردید نہیں کی ہے ۔ کے سی آر ، کے ٹی آر ، ہریش راؤ خاموش ہیں ۔ بی آر ایس کے دوسرے قائدین اور بی جے پی کے قائدین اس کی ضرور تردید کررہے ہیں تاہم چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے خلاصہ کے بعد ریاست میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے ۔ ٹیلی ویژن کے ایک مباحثہ میں کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل و تلنگانہ این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ اور بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی بی ملیا یادو کے درمیان اس مسئلہ پر ٹھن گئی دونوں ایک دوسرے کو چیلنج اور جوابی چیلنج بھی کررہے ہیں ۔ کانگریس کے قائد بی وینکٹ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے پاس ٹھوس اطلاعات ہے جس کے بعد ہی انہوں نے برسرعام اس کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم کے درمیان دونوں جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے پر ہی سی بی آئی نے کویتا کے خلاف نوٹس جاری کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کے لیے 26 فروری کو طلب کیا ہے ۔ اگر اتحاد ہوجاتا ہے تو دہلی شراب اسکام میں کویتا کو کلین چٹ ملے گی بصورت دیگر انہیں جیل جانا ہوگا ۔ اپنی دختر کو بچانے کے لیے کے سی آر بی جے پی سے اتحاد کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی بی ملیا یادو نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں ۔ بی آر ایس پارٹی کبھی بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی تنہا مقابلہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔۔ 2