بی آر ایس فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی : کڈیم سری ہری

   

کانگریس حکومت وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ، کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان اصل مقابلہ
حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام لوک سبھا انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی دونوں جماعتوں کو سبق سکھائیں گے ۔ بی آر ایس ریاست میں زیادہ سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ کڈیم سری ہری نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ڈھیر سارے وعدے کرتے ہوئے ریاست میں اقتدار حاصل کیا ہے ۔ اپنے وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے خواتین ، کسانوں ، نوجوانوں کے علاوہ سماج کے تمام طبقات کو دھوکہ دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس ریاست میں کسی بھی جماعت سے کوئی سیاسی اتحاد نہیں کرے گی بلکہ تنہا مقابلہ کرے گی ۔ اسمبلی انتخابات میں ڈپازٹ سے محروم ہونے والی بی جے پی سے بی آر ایس ہرگز کوئی اتحاد نہیں کرے گی ۔ بی جے پی کے قائدین اس مسئلہ کو اچھالتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ بی جے پی کا ملک میں اثر و رسوخ گھٹ رہا ہے ۔ اپنے آپ کو قومی جماعت قرار دینے والی بی جے پی ملک کے مختلف ریاستوں میں چھوٹی چھوٹی سیاسی جماعتوں سے اتحاد کرتے ہوئے اپنے وجود کو منوانے کی کوشش کررہی ہے ۔ بی جے پی مذاہب کے درمیان نفرت پیدا کررہی ہے ۔ ہر مسئلہ کو ہندو مسلم سے جوڑتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ بی آر ایس ایک سیکولر جماعت ہے جو ہرگز فرقہ پرست بی جے پی سے اتحاد نہیں کرے گی ۔ بی آر ایس پارٹی تلنگانہ کے حقوق کے لیے جدوجہد کرے گی ۔ کانگریس اور بی جے پی کو ریاست کی ترقی اور عوام کے فلاح و بہبود سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں اہم مقابلہ کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان ہے ۔ بی جے پی قائدین اپنی زبانوں کو قابو میں رکھیں بی آر ایس پارٹی اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتی ہے ۔۔ 2