کے ٹی آر کے دورہ چیوڑلہ سے ایک دن قبل سیاسی حالت تبدیل ، سیاسی حلقوں میں گرما گرم بحث
حیدرآباد۔/28 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات سے قبل سیاسی قائدین کی وفاداریاں تبدیل کرنے کے امکانات نظر آرہے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرنے کیلئے بی آر ایس قائدین ایک کے بعد دیگر پہنچ رہے ہیں جس سے ریاست کے سیاسی حلقوں میںایک نئی بحث شروع ہوچکی ہے۔ تازہ طور پر ضلع رنگاریڈی کی سیاست گرما گرم ماحول میں تبدیل ہوگئی ہے۔ اسمبلی حلقہ راجندرنگر کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے آج چیف منسٹر سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے مشیر ویم نریندر ریڈی نے پرکاش گوڑ کا خیرمقدم کیا۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے تقریباً ایک گھنٹہ تک چیف منسٹر ریونت ریڈی سے تبادلہ خیال کیا جس کے بعد ریاست کی سیاست پھر ایک مرتبہ گرما گرم ہوگئی۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل ہفتہ کو سابق رکن اسمبلی ٹی کرشنا ریڈی نے بھی سکریٹریٹ پہنچ کر چیف منسٹر سے ملاقات کی تھی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی آر ایس کے چند ارکان اسمبلی بھی چیف منسٹر کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین سے رابطہ میں ہیں۔ ہفتہ دس دن قبل متحدہ ضلع میدک کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ اس وقت بھی بی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہونے کی افواہیں تیزی سے پھیل گئی تھی جس کے دوسرے دن ان چاروں ارکان اسمبلی نے کانگریس میں شامل ہونے کی ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کرتے ہوئے تردید کردی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کی ترقی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے چیف منسٹر سے ملاقات کی گئی تھی۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی چیف منسٹر سے ملاقات کے تناظر میں مجوزہ لوک سبھا انتخابات کو کافی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ انتخابات تک بی آر ایس کے مزید ارکان اسمبلی چیف منسٹر سے ملاقات کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ مدھو گوڑیاشکی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے کئی ارکان اسمبلی کانگریس سے رابطہ میں ہیں جس کے بعد بی آر ایس اور بی جے پی کے حلقوں میں تشویش کی لہر دیکھی جارہی ہے۔29 جنوری بروز پیر بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کا دورہ کررہے ہیں اس سے ایک دن قبل پرکاش گوڑ کی چیف منسٹر سے ملاقات موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں کانگریس کو ایک بھی اسمبلی حلقہ پر کامیابی نہیں ہوئی ہے۔ حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر سے چند دن قبل پرکاش گوڑ کے علاوہ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سابق صدرنشین بی جے پی قائد سوامی گوڑ نے بھی ملاقات کی۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی نے چیف منسٹر سے ملاقات کو خیرسگالی ملاقات قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی تبدیل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ اپنے اسمبلی حلقہ راجندر نگر کے مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے چیف منسٹر سے ملاقات کرچکے ہیں ، مسائل پر چیف منسٹر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔2