گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج چارمینار حیدرآباد میں 94 نشستوں کو منظوری دی گئی
حیدرآباد۔13 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تعلیمی سال 2026-27 کیلئے آیوش انڈر گریجویٹ کورسس میں کنوینر کوٹہ کے تحت داخلوں کے خواہشمند طلبہ کیلئے ایک بڑی اور اہم خبر سامنے آئی ہے ۔ حیدرآباد کے مشہور گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج کے پرنسپل اور طلبہ کی مسلسل مطالبات کو مدنظر رکھتے ہوئے کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلت سائنس نے کنوینر کوٹہ کی آن لائین رجسٹریشن ونڈو کو ایک بار پھر سے کھول دیا ہے ۔ وہ تمام طلبہ جنہوں نے NEET UG-2026 کا امتحان کامیابی سے کوالیفائی کیا ہے ۔ وہ اس کے اہل ہوں گے ۔ امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ چہارشنبہ 14 اکتوبر کو دوپہر 2.00 بجے تک لازمی طور پر اپنی آن لائین رجسٹریشن مکمل کریں اور سرکاری ویب سائیٹ https://tsbahnu.tsche.in پر اپنے تمام اصلی سرٹیفکٹس اپ لوڈ کردیں۔ اس تعلیمی سال کیلئے سنٹرل کمیشن کی جانب سے دو اہم کالجس میں نشستوں کی نئی منظوری دی گئی ہے جس سے طلبہ کیلئے داخلوں کے مواقع مزید بڑھ گئے ہیں ۔ گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج چارمینار حیدرآباد میں بی یو ایم ایس کورسس کیلئے معاشی طور پر کمزور طبقات (EWS) کے کوٹہ کے بشمول جملہ 94 نشستوں کو منظوری دی گئی ہے ۔ گرونانک ہومیو پیتھک میڈیکل کالج ضلع رنگا ریڈی میں BHMS کورس کیلئے جملہ 50 نئی نشستیں منظور کی گئی ہیں۔ یونیورسٹی حکام نے تمام اہل امیدواروں سے اپیل کی ہے۔ وہ فوری آن لائین پورٹل پر جاکر اپنے رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں۔2/k