’ سالار ملت ‘ جن لوگوں کو متحد کرنا چاہتے تھے آج انہیں تقسیم کیا جا رہا ہے ۔ صدر مجلس اترپردیش کے مسلمانوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیں۔ سماجوادی پارٹی قائد کا تفصیلی انٹرویو
’بات نکلے گی تو پھر دور تلک جائے گی‘
’اگر ٹیپو سلطان کا قتل نہیں ہوتا تو انگریز داخل نہیں ہوتا‘
لکھنؤ 22 نومبر (سیاست نیوز) ’حد میں رہیں اویسی ’بات نکلے گی تو بہت دور تلک جائے گی‘ بیرسٹر صاحب میرے لئے دعاء کئے ہیں وہ میرے لئے بہت اہمیت رکھتی ہیںلیکن اگر وہ میرے اتنے مقدمات میں ایک ’وکالت ‘ ہی عدالت میں ڈال دیتے اس بات سے مجھے بڑی راحت مل جاتی ۔ میرے پاس کوئی ’بیرسٹر‘ وکیل نہیں تھا شائد اسی لئے مجھے اتنی تکالیف کاسامنا کرناپڑاہے۔سماج وادی پارٹی قائد و سابق رکن پارلیمنٹ و سابق وزیر اترپردیش جناب اعظم خان نے معروف صحافی اجیت انجم کو دیئے گئے 2گھنٹے طویل انٹرویو میں ان خیالات کا اظہار کیا اور ان سے اپیل کی وہ اترپردیش کے مسلمانوں پر ’رحم‘ کریں اور انہیں ان کے حال پر چھوڑ دیں ۔ انہوں نے اپنے انٹرویو کے سالار ملت الحاج سلطان صلاح الدین اویسی ؒ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرکے کہا کہ ’میرا ایمان یہ ہے کہ شائد وہ قبر میں پریشان ہوں گے کہ وہ جن لوگوں کو متحد کرنا چاہتے تھے ان کی تقسیم کیلئے کتنی کوششیں ہورہی ہیں‘ اعظم خان نے سالار ملت کی قیادت اور ان سے تعلقات کا تذکرہ کرکے کہا وہ اسدالدین اویسی کو اترپردیش میں موضوع بحث نہیں بنائیں ۔ انہو ںنے تاریخی واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم جاتے تھے آپ کے والدکا الیکشن لڑوانے‘ وہ ظفر یاب جیلانی ‘ جاوید حبیب کے علاوہ دیگر کا بھی انہوں نے تذکرہ کیا۔انہوں نے سالارملت کو بہترین انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں ان کی ’اولاد ‘ کیلئے وہ عداوت نہیں رکھ سکتے کیونکہ ان کے والد کے ساتھ مہینوں نہیں بلکہ برسوں کام کیا اور پورے ملک کے دورے کئے ہیں۔ انہوں نے اسدالدین اویسی کے دورۂ رامپور کے دوران ان کیلئے دعاء کے متعلق اجیت انجم کے استفسار پر اسد الدین اویسی سے سوال کیا کہ وہ اس ’دعاء کے پیچھے کس کی دوا کر رہے تھے ‘۔ اعظم خان نے 15منٹ پولیس کو ہٹانے کے بیان اور نفرت پھیلانے کی کوشش کے مقدمہ میں برأت پر تیکھے انداز میں طنز کرکے کہا کہ شائد اس مقدمہ میں ’بیرسٹرصاحب ‘ کی وکالت تھی اسی لئے اس بیان کے باوجود وہ بری ہوگئے ۔ انہوں نے خود کو ’بازارو‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے جو دعاء کی گئی تھی وہ ’بازاری عمل ‘ تھا جو خبر کو بین الاقوامی خبر بن گئی اورکسی کیلئے ’دوا‘ ہوگئی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس کیلئے ’دوا‘ ہوئی اگر ان کے نام لوں تو پھر جیل چلا جاؤں گا۔اعظم خان نے رامپور کے خواندگی کے فیصد پر اسد الدین اویسی کے ریمارکس پر کہا کہ ’مجھے اس بات پر فخر ہو رہا ہے کہ ان کے پاس تمام تفصیلات موجود ہیں‘ ۔ انہوں نے مظفر نگر فسادات میں مجلس کے راحت کاری کاموں کی تفصیلات بیرسٹر اویسی کی جانب سے فراہم کرنے کا حوالہ دیا اور کہا کہ ’میرا دین یہ کہتا ہے کہ جب کسی کی مدد کرو تو اس طرح مددکرو کہ ایک ہاتھ سے مدد کرو تو دوسرے ہاتھ کو پتہ نہ چلے‘ انہوں نے نام لئے بغیر بیرسٹراویسی کے انٹرویو کا حوالہ دیا اور کہا کہ ’کوئی صاحب‘ یہ کہہ رہے تھے کہ میں نے اتنے لوگوں کو کھانا کھلایا ‘ اتنے لوگوں کو کپڑے بانٹے اور اتنے لوگوں کو دوا بانٹی ہے‘ انہوں نے کہا کہ یہ گھٹیا کام ہم ’سیاسی ‘ لوگ کرتے ہیں ’دیندار ‘ لوگ نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہم گھٹیا سیاسی لوگ جب لوگوں کو برباد کرتے ہیں تو منصوبہ کرتے ہیں اور ہماری تو صرف زبان ہوتی ذہن کہیں اور سے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ان پر تنخواہیا‘ کہنے کا الزام ہے اور اس میں ان کی رکنیت چلی گئی ۔اعظم خان نے عدالت پر اپنے اعتماد کا اظہار کرکے کہا کہ بالائی عدالتوں نے ان کے ساتھ انصاف کیا ہے ۔ انہو ںنے ای ڈی مقدمات کے علاوہ ’جوہر یونیورسٹی‘ لینڈ گرابنگ معاملہ ‘ سے بھی تفصیلی آگاہ کروایا۔ انہوں نے مجلس سے اتحاد کرکے ’ساماجک پریورتن مورچہ ‘ تشکیل دینے والے رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد کو مسلم ووٹوں سے کامیاب رکن پارلیمنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ’حلقہ پارلیمان‘ نگینہ جائیں گے اور وہاں کے مسلمانوں کا شکریہ اداکریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مسلمانوں کے دل میں ’خنجر ‘ نہیں اترنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلمانوں کے حق کی لڑائی لڑیں گے۔اعظم خان نے اسدالدین اویسی سے استفسار کیا کہ وہ تلنگانہ میں کیا کر رہے ہیں! انہوں نے تاریخ کے اوراق پلٹنے کا راست انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر ٹیپو سلطان کا قتل نہیں ہوتا تو انگریز داخل نہیں ہوتا‘ ۔اعظم خان نے کہا کہ وہ ’جوہر یونیورسٹی‘ کے مقدمہ میں اپنی درخواست واپس لینے والے ہیں تاکہ رامپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ان عمارتوں پر بلڈوزر چلادے اور یہ کھنڈرات بھی اہرام مصر کے تاریخی کھنڈرات کی طرح ہوجائیں اور سیاح انہیں دیکھنے آئیں کہ کس طرح ’سکھشا کے مندر‘ کو کھنڈرات میں تبدیل کردیاگیا ۔انہوں نے سیاستدانوں کے محل نما مکانوں اور ان کے اثاثہ جات کا تذکرہ کرکے کہا کہ ان پر ’اوپر والے کی کرپا ہے اسی لئے وہ عالیشان گھروں اور کروڑہا روپئے کے اثاثہ جات رکھنے کے باوجود آرام سے زندگی گذار رہے ہیں۔