ممبئی ۔ فلم پروڈیوسر کمل کشور مشرا کو 19 اکتوبر کو اندھیری (مغربی) میں واقع ان کے رہائشی اپارٹمنٹ کی پارکنگ میں مبینہ طور پر اپنی بیوی کے پیروں پر گاڑی (کار) چلانے کے بعد قتل کی کوشش کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اندھیری (مغربی) سے اس کا پتہ لگانے اور پوچھ گچھ کیلئے امبولی پولیس اسٹیشن لانے کے بعد یہ گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ فلم پروڈیوسر کمل کشور مشرا کومجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں پولیس اس کی تحویل حاصل کرے گی۔ قبل ازیں جمعرات کو پولیس نے مشرا کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ واقعہ کی ایک ویڈیو جوکہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور عوام کی جانب سے سخت برہمی کے بعد ،شکایت کنندہ 35 سالہ یاسمین مشرا کو اپنے ملزم شوہر سے بات چیت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو مرسڈیز کار میں تیزی سے بھاگنے کی کوشش کرتا ہے۔