تعلیمات نبویؐ میں زندگی کے ہر گوشہ کی رہبری و رہنمائی

   

حیاتِ طیبہ پر عمل کی تلقین ، سداسیوپیٹ میں جلسہ سیرت النبیؐ سے مولانا غیاث احمد رشادی اور دیگر علماء کا خطاب
سدا سیو پیٹ ۔ 22 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سدا سیو پیٹ کے مدرسہ عربیہ عثمانیہ میں ایک عظیم الشان جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم منعقد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے حضرت مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انڈیا نے شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا اور کہا کہ دنیا بھر میں اگر کسی انسانیت کے لئے مثالی کتابیں لکھی گئی تو وہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کے عنوان پر لکھی گئی ہے ۔ آج دنیا حضورؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کر رہی ہے۔ اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آپ کی معاشرتی زندگی نبی کے طریقے کے مطابق ہونی چاہیے ۔ آپ کے معاملات نبی کریم ﷺ کے معاملات کے مطابق ہونے چاہیے۔ تمہارا لباس ، تمہاری چال ڈھال ، تمہاری رفتار ، تمہاری گفتار نبی کریم ﷺ کے طریقے کے مطابق ہو۔ آج ہم طے کر کے یہاں سے اُٹھیں کے ہماری گھریلو زندگی میں انقلاب آئے ، ہماری معاشرتی زندگی میں تبدیلی آجائے، ہماری ازدواجی زندگیاں خوشگوار اور کامیاب ہو جائیں،ہماری تجارتیں نبی کریم ﷺ کے بتائے راستے پر ہوں، ہمارا انداز نبی کریم ﷺ کے انداز کے مطابق ہو ، رسول رحمت ﷺنے صرف نماز پڑھ کر نہیں بتلایا کہ نماز ایسی پڑھ لی جائے ، صرف روزہ رکھ کر نہیں بتایا کہ روزہ ایسا رکھنا چاہیے۔ پیغمبر نے جہاں نماز پڑھ کر بتایا ، روزہ رکھ کر بتایا ، قربانی کر کے بتلایا ، عمرہ کر کے بتایا ، حج کر کے بتایا بالکل اسی طرح نبی کریم ﷺ نے اخلاق و کردار کے میدان میں پوری پوری رہنمائی اور رہبری اپنی اُمت کی فرمائی ۔ پیغمبر نے بچوں کی بھی رہبری کی ، بڑوں کی بھی رہبری کی ، بوڑھوں کی بھی رہبری کی، نوجوانوں کی بھی رہبری کی، عورتوں اور لڑکیوں کی بھی رہبری کی، غلاموں کی بھی تربیت کی اورمالداروں کی بھی رہبری اور تربیت کی ۔ الغرض زندگی کے سارے پہلو کو پیغمبر نے اُجاگر کر کے بتایا کہ زندگی گزارنا چاہتے ہو تو میری اتباع کرو۔ حضور اکرم ﷺ نے پوری زندگی مثالی زندگی قائم کیاور آپؐ کی زندگی روزِ روشن کی طرح ، دن کے اُجالے کی طرح پوری اُمت کے سامنے موجود ہے اور آج بھی ہزاروں نہیں لاکھوں کتابیں نبی کریم ﷺ کی اخلاق اور کردار سے متعلق موجود ہیں اور حضور ﷺ کی سیرت ہمیں مختلف گوشوں کے ذریعے زندگی کا درس دیتی ہے۔ اس جلسے سے دیگر علماؤں نے بھی اپنا خطاب کیا۔ جلسہ کے نگرانی الحاج محمد صوفی اور الحاج محمد عادل احمد خان ٹرسٹی ممبر و محراب فاؤنڈیشن حیدرآباد نے کی۔ جلسہ میں مدرسہ کے طلبہ و طالبات نے تقاریر اور نعت شریف پیش کیا. اس جلسہ میں مقامی علمائے کرام مدرسے کے اساتذہ کے علاوہ اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔مدرسے کے ناظم حافظ محمد شفیع الدین منہاجی نے تمام شرکا شکریہ ادا کیا.